لاہور ہائیکورٹ کا توہین عدالت کیلئے دائر درخواست پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو 21 فروری کو پیش ہونے کا حکم

بدھ 18 جنوری 2017 21:05

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن چوہدری سلطان احمد کو 21 فروری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے درخواست گذار سب انسپکٹر ریٹائرڈ نذیر احمد کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ اس نے ایک پرائیویٹ ہسپتال سے علاج کرایا جس کا ایک لاکھ روپے خرچ آیا۔

(جاری ہے)

علاج پر خرچ ہونے والی رقم کی وصولی کے لئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سمیت دیگر افسران کو درخواستیں دیں لیکن شنوائی نہ ہوئی اس دوران وہ ریٹائر ہوگیا جس پر اس نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا، عدالت نے 4 نومبر 2016 کو درخواست نمٹاتے ہوئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو چھ ہفتوں میں زیرالتواء درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔ عدالتی حکم کے باوجود ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے فیصلہ نہیں کیا۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن چوہدری سلطان احمد کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔