حکمرانوں کے بھیس میں لٹیروں کا ٹولہ مسلسل قوم کو دھوکہ اور ملک دشمن قوتوں کا آلہ کار بنتا چلا آ رہاہے

امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان کی وفد سے گفتگو

بدھ 18 جنوری 2017 20:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جنوری2017ء) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے بھیس میں لٹیروں کا ٹولہ مسلسل قوم کو دھوکہ دیتا اور ملک دشمن قوتوں کا آلہ کار بنتا چلا آ رہاہے ۔ ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی شناخت قائم رکھنے کے لیے قوم کو تحریک پاکستان کے جذبہ سے ایک بار پھر بڑی قومی تحریک اٹھانا ہوگی ۔

جماعت اسلامی قوم کے لیے امید کی کرن ہے ۔کرپشن کے بحران سے جماعت اسلامی کی صاف قیادت ہی پاکستان کو نکال سکتی ہے ۔ جماعت اسلامی اپنی تنظیم ،جمہوریت اور امانت و دیانت کی وجہ سے قوم کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے ۔ مخلص قیادت ملے تو پاکستان چند سالوں میں دنیا کے خوشحال ترین ملک بن سکتا ہے ۔جماعت اسلامی تبدیلی اور انقلاب کی جماعت ہے اور ہم آئینی اور جمہوری طریقوں کے مطابق ملک کے ہر شعبے میں تبدیلی اور انقلاب کی جدوجہد کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان ہی عوام میں دکھوں اور غموں کا مداوا اور مسائل کا حل ہوسکتاہے ۔ 2018 کے انتخابات میں جماعت اسلامی موثر قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آئے گی ۔ وہ مرکز اسلامی پشاور میں مختلف وفود سے بات چیت کر رہے تھے ۔ مشتاق احمد خان نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کا مثبت کردار پور ی قوم کے سامنے ہے جس میں موروثیت نہیں ،ملک کے اسلامی و نظریاتی تشخص کی حفاظت ہمارا مشن ہے ، ہم آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں ،ملک میں کلمے کی سربلندی اور پاکستان کو اسلامی و خوشحال پاکستان بنانے کی جدوجہد شروع کر رکھی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ تعلیم ، روزگار ، کھیل کے میدان اور جرائم اور نشہ سے پاک ماحول نوجوانوں کا حق ہے لیکن ہمیشہ سے حکمرانوں نے نوجوانوں کو نظر انداز کر کے غفلت کا مظاہر ہ کیا ہے جس سے نوجوانوں میں مایوسی پھیلی ہے ۔ انہوںنے کہ دعوئوے تو تمام سیاسی جماعتیں کرتی ہیں لیکن یوتھ انتخابات کوئی بھی سیاسی جماعت نہیںکر ا سکتی ۔جے آئی یوتھ کے پہلے مرحلے کے کامیاب انتخابات کے بعد دوسرے مرحلے کے انتخابات 12 فروری کو ہوں گے جس کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان میںمستقبل نوجوانوں کا ہے ۔انہوںنے کہا کہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کے وژن کے مطابق اسلامی جدید ترین ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان بنائے گی اور کرپٹ ٹولے سے نجات دلا کر عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتیں مہیا کرے گی۔ انہوںنے کہاکہ نوجوان بیدار ہوچکے ہیں اور نوجوانوں نے روایتی سیاسی جماعتوں اور کرپٹ لیڈر شپ کو مسترد کردیا ہے اب نوجوان ہی پاکستان کے حکمران ہوںگے ۔