صرف ایک دن رہ گیا ،ْحکومت ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے بلاتاخیر خط ارسال کرے ،حافظ نعیم الرحمن

ڈاکٹر عافیہ کو امریکی جیل میں کچھ ہوگیا تو قوم حکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی ، حکمران قومی غیرت کا مظاہرہ کریں

بدھ 18 جنوری 2017 20:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2017ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے حکومت اگر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نہیں تو قومی غیرت کا تقاضہ پورا کرتے ہوئے وقت ضائع کیے بغیر امریکی حکومت سے باضابطہ رابطہ کرے اور قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے فوری طور پر خط ارسال کرے ۔

ڈاکٹر عافیہ کو امریکی جیل میں کچھ ہوگیا تو قوم حکمرانوں کو کبھی بھی معاف نہیں کرے گی ۔وزیر اعظم نواز شریف ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے سلسلے میں کیے گئے اپنے وعدے کو پورا کریں ۔حافظ نعیم الرحمن نے اپنے ایک بیان میں چیف آف آرمی اسٹاف سے بھی دردانہ اپیل کی ہے کہ وہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کو جنرل مشرف کے دور میںامریکہ کے حوالے کیا گیا تھا ۔

امریکی جیل میں قید ان کو 14سال کا عرصہ گزر گیا ہے لیکن افسوس کہ کسی بھی حکومت نے امریکہ سے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے کوئی باضابطہ رابطہ نہیں کیا ۔ انہوںنے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کا معاملہ قومی غیرت اور عزت کا مسئلہ ہے حکمرانوں کو قومی غیرت کا مظاہرہ کرنے میں اب بالکل تاخیر نہیں کرنی چاہیئے ۔انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ امریکہ کو خوش کرنے کے لیے کوئی ایسی بات نہیں کہتا اور کوئی ایسا قدم نہیں اٹھاتا جس سے امریکہ ناراض ہوجائے ۔حکمران امریکہ اور بھارت سے دوستی کر کے چاہتے ہیں کہ ان کی جان چھوٹ جائے ۔ وزیر اعظم نواز شریف اپنی بیٹی کی تحفظ کے لیے تو قطری شہزادے سے خط لکھوالیتے ہیں لیکن قوم کی بیٹی عافیہ کے لیے اپنے سکریٹری سے خط نہیں لکھواسکتے ۔

متعلقہ عنوان :