سینٹ نے باچا خان ایئرپورٹ پشاور کی توسیع کے کام کا جائزہ لینے کیلئے خیبر پختونخوا کے تمام اراکین سینٹ پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دیدی

بدھ 18 جنوری 2017 20:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2017ء) سینٹ نے باچا خان ایئرپورٹ پشاور کی توسیع کے کام کا جائزہ لینے کے لئے خیبر پختونخوا کے تمام اراکین سینٹ پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دیدی‘ بدھ کو اجلاس میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے تحریک پیش کی کہ ایئرپورٹ کی توسیع کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے خیبر پختونخوا کے تمام اراکین سینٹ پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے‘ یہ کمیٹی اپنے پہلے اجلاس میں کنوینئر منتخب کرے گی۔

کمیٹی کی رپورٹ کمیٹی کے نوٹیفکیشن کی تاریخ سے زیادہ سے زیادہ دو ماہ میں پیش کی جائے گی۔ اجلاس کے دور ان سینٹ میں این اے آر سی کی 1400 ایکڑ اراضی سی ڈی اے کی طرف سے رہائشی اور کمرشل پلاٹوں کی منتقلی کے لئے استعمال کرنے سے متعلق قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کی مدت میں 45 دن کی توسیع کی منظوری دیدی گئی۔

(جاری ہے)

قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط و استحقاقات کے چیئرمین ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے تحریک پیش کی۔

ایوان نے تحریک کی منظوری دیدی۔ اجلاس کے دور ان پی ایس ڈی پی فنڈ کی تقسیم اور چھوٹے صوبوں کے لئے مختص فنڈز کے عدم اجراء سے متعلق وزارت منصوبہ بندی‘ ترقی کے ڈپٹی سیکرٹری کے جواب کے حوالے سے قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کی معیاد میں 45 دن کی توسیع کی منظوری دیدی۔ گئی میٹی کے چیئرمین سینیٹر جہانزیب جمالدینی نے تحریک ایوان میں پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔

اجلاس کے دور ان سینٹ میں گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں دھماکے سے متعلق تحریک التواء کی منظوری کا معاملہ نمٹا دیا گیا۔ سینیٹر حافظ حمد اللہ کی اس معاملے پر تحریک التواء بھی ایجنڈے پر شامل تھی تاہم چیئرمین نے کہا کہ اس معاملے پر پہلے بھی تفصیلی بحث ہو چکی ہے لہذا مزید اس پر بحث کی ضرورت نہیں ۔اجلاس کے دور ان سینٹ میں پولی کلینک ہسپتال اسلام آباد کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر تقرری سے متعلق قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط و استحقاقات کی رپورٹ ایوان میں پیش کردی گئی۔ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے رپورٹ ایوان میں پیش کی۔