پنجاب یونیورسٹی کوبہترین پالیسی بناکردنیا کی500یونیورسٹیوں میں لائیںگے،ڈاکٹرظفرمعین

کسی طلباءتنظیم کوفری ہینڈ دینے کاتاثردرست نہیں،یونیورسٹی کےچھوٹے ملازمین کی فلاح ترجیحات میں شامل ہے،ملازمین کی رکی ہوئی ترقیوں کے معاملے پرفوری کارروائی کی جائیگی،وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی کی پریس کانفرنس اوراجلاس سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 18 جنوری 2017 19:31

پنجاب یونیورسٹی کوبہترین پالیسی بناکردنیا کی500یونیورسٹیوں میں لائیںگے،ڈاکٹرظفرمعین

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18جنوری2017ء) : پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین نے کہا ہے کہ بہترین پالیسی کی بنیادپر پنجاب یونیورسٹی کو دنیا کی 500 بہترین یونیورسٹیوں میں شامل کریں گے انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں پنجاب یونیورسٹی اپنا کردار ادا کر ے گی۔ جس میں یونیورسٹی کے انتظامی، تدریسی و تحقیقی اور معاشی شعبوں کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہاسٹل نمبر ایک میں ہونے والے واقعے پر انتظامیہ نے سختی سے نوٹس لیا ہے کسی طلباء تنظیم کو فری ہینڈ دینے کا تاثر درست نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی ایگزیکیٹو کلب میں میڈیا نمائندگا ن کے ساتھ پریس بریفنگ میں کیا۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین نے کہا کہ یونیورسٹی کے تمام فیصلوں اور میکنزمز میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ اختیارات کی نچلی سطح پر تقسیم کو یقینی بنائے گی اور تدریسی یونٹس کو فیصلہ کرنے کے لئے با اختیار بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد کو ذمہ داری دی جائے گی ان کے اقدامات پر ان کا احتساب بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی کی بنیاد پر انعام دینے کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی جانچنے کا پیمانہ تیار کیا جائے اور تمام یونٹس کو فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر کی براہ راست سرپرستی میں ہر تعلیمی سال کے آخر میں ہر تعلیمی یونٹ کی کارکردگی کو جانچنے کے لئے سروے منعقد کئے جائیں گے۔ ایجنڈے پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر ظفر معین نے کہا کہ ڈینز کو ہدایات دی جا چکی ہیں کہ اس مشن کی روشنی میں اپنی اپنی فیکلٹیوں کا سٹریٹجک پلان ایک ماہ کے اندر مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ رائٹ مین فار رائٹ جاب کی پالیسی اختیار کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ یقینی بنائے گی کہ اساتذہ طلباء و طالبات کو معیاری تعلیم مہیا کریں اوران کی صلاحیتوں میں اضافہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے کوالٹی انہاسمنٹ سیل کو مضبوط کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نصاب کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لئے کوششیں کی جائیں گی۔

انہو ں نے کہا کہ طلباء وطالبات کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ یونیورسٹی میں پرامن ماحول کو یقینی بنائے گی اور سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ بعدازاں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی نے کہا کہ یونیورسٹی کے چھوٹے ملازمین کی فلاح و بہبود ترجیحات میں شامل ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کے فیصل آڈیٹوریم میں گریڈ ایک سے چار تک کے ملازمین کی بڑی تعداد سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی، اقامتی آفیسر اول پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید، قائمقام خزانہ دار راو، شریف اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے اعلان کیا کہ ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے 20 ملین روپے سے قائم کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹرار آفس کو حکم دیا گیا ہے کہ ملازمین کو رکی ہوئی ترقیوں کے معاملے پر فوری کارروائی کریں اس سلسلے میں کسی کے ساتھ بھی زیادتی نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملازمین کی جس حد تک مدد کر سکے کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے ملازمین سے درخواستیں بھی وصول کیں۔

متعلقہ عنوان :