مغربی سامراجی قوتوں نے ہمیشہ عالمی طاقتوں کی اجارہ داری کے خلاف آواز بلند کرنے اور قومی مفاد کا تحفظ کرنے والے رہنمائوں کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی،فیڈل کاسترو نے سپر پاور کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالیں، قومی مفاد کو ترجیح دی اور عوام کی فلاح و بہبود کو اپنا شعار بنایا

چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کا کیوبا کے سابق صدر فیڈل کاستروکی یاد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب

بدھ 18 جنوری 2017 20:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ مغربی سامراجی قوتوں نے ہمیشہ ان عالمی رہنمائوں کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی جنہوں نے عالمی طاقتوں کی اجارہ داری کے خلاف آواز بلند کی اور اپنے قومی مفاد کے تحفظ اور عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیوبا کے سابق صدر فیڈل کاستروکی یاد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ فیڈل کاسترو نے سپر پاور کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالیں اور قومی مفاد کو ترجیح دینے اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کو اپنا شعار بنایا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کیوبا کے عوام نے ایک لیڈر نہیں بلکہ ایک دوست اور کامریڈ کھویا ہے۔

(جاری ہے)

تعزیتی سیمینار کا انعقاد پاکستان کے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات میں پاکستان کیوبا فرینڈ شپ گروپ نے کیا تھا جس میں فرینڈ شپ گروپ کے صدر مشاہد حسین سیّد اور کیوبا کے سفیر کے علاوہ متعدد اراکین پارلیمنٹ، سفارتکاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ فیڈل کاسترو غریب اور پسے ہوئے طبقہ کیلئے امید کی ایک کرن تھے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈل کاسترو نے امریکی سامراجی نظام کے خلاف اپنے عوام کی نمائندگی کی اور اُس نظام کا حصہ نہ بنے ۔ فیڈل کاسترو سمیت دنیاکے عظیم رہنمائوں جن میں جمال عبدالناصر اور ذوالفقار علی بھٹو شامل ہیں کوامریکی سامراجی نظام نے غیر مستحکم کیا۔

پاکستان کیوبا فرینڈ شپ گروپ کے صدر سینیٹر مشاہد حسین سیّد نے فیڈل کاسترو انقلابی جدوجہد میں رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کے انقلاب کی بنیاد موثر خارجہ پالیسی پر تھی ۔جس نے غیر ملکی تسلط کی مزاحمت کی اور عوام کی بہبود کے ذریعے کیوبن قومیت پسندی کو فروغ دیا ۔جس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات نے عظیم کیوبا کے انقلاب کے لئے نئی راہیں ہموار کیں جس نے پوری قوم کی زندگی کو تبدیل کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ روس کے انقلاب نے پورے یورپ پرگہرے اثرات ڈالے جبکہ چین کے انقلاب نے ایشیاء کو تبدیل کیا اور ایران کے انقلاب کی جڑیں مسلم دنیا میں اپنا اثر چھوڑ گئیں تاہم کیوبا کے انقلاب نے ترقی پذیر دنیا کو ایک نئی سمت دی۔ سینیٹر مشاہد حسین نے کیوبا کی حکومت کی جانب سے دی جانے والی طب کے شعبہ میں 1200 سکالر شپس پر شکریہ ادا کیا۔ سینیٹر شبلی فراز نے بھی فیڈل کاسترو کی جدوجہد کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ زلزلے کے بعد کیوبا کی حکومت کی جانب سے دی جانے والی امداد دونوں ملکوںکے بہتر تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فیڈل کاسترو نے ایک عام آدمی اور اپنی قوم کو یہ سیکھایا کہ عزت اور وقار کی زندگی کیسے گزاری جاتی ہے۔ تقریب سے سابق سپیکر قومی اسمبلی سیّد فخر امام، ایم این اے شیریں مزاری اور سینیٹر افراسیاب خٹک نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :