Live Updates

عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف نااہلی ریفرنس کی سماعت یکم فروری تک ملتوی

بدھ 18 جنوری 2017 20:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف نااہلی ریفرنس کی سماعت یکم فروری تک ملتوی کر دی جبکہ درخواست گزاروں کے وکیل اکرم شیخ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان نے بنی گالا میں گھر کی خریداری کے حوالے سے جھوٹ بولا ہے ، جمائما خان کہتی ہیں کہ یہ اراضی بے نامی ٹرانزیکشن سے خریدی گئی جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ اگر پٹیشنز آتی رہیں گی تو کیس کافیصلہ کیسے ہوگا، اثاثے چھپانے والا قوم کیلئے اہل نہیں۔

الیکشن کمیشن میں بدھ کو مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں طلال چوہدری اور دیگر کی عمران خان کے خلاف نااہلی کے ریفرنس کی سماعت ہوئی جبکہ جہانگیر ترین کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد خان ڈاہا کے ریفرنس کی بھی سماعت ہوئی ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی اراکین کی جانب سے پانچ رکنی بینچ کے سامنے سینئر قانون دان اکرم شیخ جبکہ عمران خان کی جانب سے نعیم بخاری پیش ہوئے جنہوںنے اپنے دلائل دیئے ۔

اس موقع پر نعیم بخاری نے مؤقف اختیارکیاکہ عمران خان نے بنی گالا میں اراضی کی خریداری کے لئے تمام ٹرانزیکشن بینک کے ذریعے کی ۔ عمران خان نے جمائمہ کو تمام رقم ادا کردی ہے ، سپیکر کا بھیجا گیا ریفرنس ماضی کے امور سے متعلق ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے وکیل اکرم شیخ نے کہاکہ معاملہ 20سال کا ہو یا 5سال کا عمران خان نے جھوٹ بولا ہے ۔ نیازی سروسز آف شور کمپنی ہے ۔ سپیکر نے صرف تعین کرنا تھا کہ ریفرنس بھجوانے کے قابل ہے کہ نہیں ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگر پٹیشنز آتی رہیں گی تو کیس کا فیصلہ کیسے ہو گا جبکہ کمیشن کے ممبر کا مؤقف تھاکہ پہلے ہی اس کیس میں بہت تاخیر ہو چکی ہے۔ سماعت یکم فروری تک ملتوی کر دی گئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات