سندھ اسمبلی کا اجلاس

سعید الزمان صدیقی مرحوم ، سردار محمد بخش خان مہر کی والدہ ، حویلیاں طیارہ حادثہ میں جاں بحق ، جنید جمشید اور دیگر کے لیے فاتحہ خوانی

بدھ 18 جنوری 2017 20:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2017ء) سندھ اسمبلی کا اجلاس بدھ کو ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا کی صدارت میں شروع ہوا ۔ تلاوت کلام پاک ، نعت رسول مقبولﷺ کے بعد گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی مرحوم ، سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر کی والدہ ، حویلیاں طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں ، جنید جمشید اور دیگر کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی ۔

وقفہ سوالات کے بعد ارکان کی رخصت کی درخواستیں منظور کی گئیں ۔ اس دوران ارکان کے دلچسپ مکالمے ہوئے ۔ ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے حیرت کا اظہار کیا کہ تمام ارکان بیرون ہیں ۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ سب ارکان سردیوں کی وجہ سے بیرون ملک ہوں۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہاکہ بہت سے ارکان باہر گئے اور واپس نہیں آئے ۔

(جاری ہے)

سندھ اسمبلی نے ایم کیو ایم کے ارکان سیف الدین خالد اور عادل صدیقی ، پیپلز پارٹی کے رکن پیر فضل شاہ اور مسلم لیگ (ن) کے رکن شفیع جاموٹ اور دیگر کی چھٹی کی درخواستیں منظور کر لیں ۔

جن میں سے چار ارکان بیرون ملک ہیں ۔اسمبلی میں مسلم لیگ (فنکشنل) کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی کی نئے میڈیکل کالجز کے قیام سے متعلق تحریک التواء خلاف ضابطہ قرار دے دی گئی ۔ سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ بلاول بھٹو نے گھوٹکی میں میڈیکل کالج بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے مخالفین پریشان ہیں ۔ سندھ اسمبلی نے ایک قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی ، جس کے تحت اسٹینڈنگ کمیٹیوں کو سرکاری بلز پر دو ہفتوں میں لازماً اپنی رپورٹ دینا ہو گی ۔ سندھ زکواة و عشر ( ترمیمی ) بل 2016 مزید غور کے لیے اسٹینڈنگ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعرات کی صبح تک ملتوی کر دیا گیا ۔ #