لاہور کے عوام کو اورنج ٹرین نہیں گیس اور بجلی چاہیے ،عوامی تحریک لاہور کا اجلاس

وعدے کے باوجود گھریلو صارفین کو گیس نہیں مل رہی،حافظ غلام فرید،چودھری افضل گجر شالامار ٹائون اور ملحقہ آبادیاں دو ہفتے سے گیس سے محروم ، چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں،رہنما گیس مہیا نہ کی گئی تو اہلیان علاقہ سے مل کر اورنج لائن پر کام رکوادیںگے،کارکنان

بدھ 18 جنوری 2017 20:20

لاہور کے عوام کو اورنج ٹرین نہیں گیس اور بجلی چاہیے ،عوامی تحریک لاہور ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2017ء) پاکستان عوامی تحریک لاہور و تحریک منہاج القرآن کا مشترکہ اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں شالا مار ٹائون اور ملحقہ آبادیوں سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر تحریک لاہور حافظ غلام فرید نے کہا کہ حکمرانوں نے وعدہ کیا تھا کہ موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس کی بلا روک ٹوک فراہمی یقینی بنائے جائے گی مگر شالا مار ٹائون ،عزیز بھٹی ٹائون اور ملحقہ آبادیوں بالخصوص شالا مار کالج روڈ کے اطراف میں دو ہفتے سے گیس غائب ہے، بچے بغیر ناشتے کے سکول جانے پر مجبور ہیں۔

علاقہ کے عوام میں شدید غم و غصہ ہے۔ اگر فوری طور پر گیس کی فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو علاقہ کے عوام سے مل کر احتجاج کریں گے اور اورنج لائن پر کام رکوا دیں گے۔

(جاری ہے)

عوام کو اورنج ٹرین نہیں گیس اور بجلی چاہیے تاکہ وہ اپنے بچوں کو ناشتہ کروا کر بروقت سکولوں میں بھجوا سکیں۔اجلاس میں چودھری افضل گجر، شہباز بھٹی، حاجی عبدالخالق، طارق مغل، حفیظ الرحمن، عمر خان و دیگر نے شرکت کی۔

رہنمائوں نے کہا کہ حکمران عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی میں ناکام ہو چکے ہیں ۔صدر لاہور چودھری افضل گجر نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کے وزراء جلسوں میں غلط دعوے کرتے ہیں کے گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کر دی حالانکہ لوڈشیڈنگ بڑھ چکی ہے۔شدید سردی کے موسم میں گیس اور بجلی دونوں غائب ہیں جس کی وجہ سے عوامی مشکلات کئی گنا بڑھ چکی ہیں۔ گیس کی عدم فراہمی پر حکمران جماعت کے کارکنان بھی شدید غصے میں ہیں مگر کوئی پرسان حال نہیں ہے کیونکہ ن لیگ کی پوری قیادت ،وزراء اور افسران پاناما لیکس کے حقائق کو جھٹلانے ،جعلی خط تیار کرنے اور کاغذات میں ردوبدل کرنے میں مصروف ہیں۔