جاری ترقیاتی پراجیکٹس کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے،صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث بخش

بدھ 18 جنوری 2017 19:48

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) صوبائی وزیر خزانہ پنجاب و چیئرمین آر ڈی اے عائشہ غوث بخش نے کہا ہے کہ جاری ترقیاتی پراجیکٹس کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور کام کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، آئندہ مالی سال میں ترقیاتی سکیموں کی بروقت منصوبہ بندی کی جائے تاکہ فنڈز کی فراہمی ہوتے ہی ان پر عملدرآمد شروع کیا جاسکے اس طرح تمام ترقیاتی سکیمیں جلد مکمل کرنے میں مدد ملے گی، 2015-16ء کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر اخراجات کا تخمینہ اور منصوبے کی پیش رفت کے بارے میں آئندہ اجلاس میں آگاہ کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس میں راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کی41 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن عظمت محمود، ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس آر ڈی اے عمران قریشی، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل، میئر راولپنڈی سردار نسیم خان، ممبران صوبائی اسمبلی چوہدری سرفراز افضل، راجہ حنیف ایڈوکیٹ، لبنی ریحان، ایم ڈی واسا راجہ شوکت، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر خزانہ و چیئرمین آر ڈی اے عائشہ غوث بخش نے کہا کہ راولپنڈی شہر کیلئے ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے بروقت اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب میں پرائیویٹ سیکٹر اور اوور سیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کے لئے خصوصی مراعات اور سہولیات پر مبنی سکیمیں تیار کی جائیں تاکہ سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو اور عام شہریوں کا معیار زندگی بلند ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال 2016-17 میں بلدیاتی نمائندوں کی مشاورت سے ترقیاتی منصوبوں کی حکمت عملی تیار کی جائے اور ایسے پراجیکٹس جو عوام کو بنیادی سہولیات میسر کریں انہیں فیز ون میں رکھا جائے۔ ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس آر ڈی اے عمران قریشی نے اجلاس کو بتایا کہ مالی سال 2015-16 میں میٹرو بس پراجیکٹ , ائر پورٹ روڈ , ہائی کورٹ روڈ , اڈیالہ روڈ جیسے ترقیاتی منصوبے بروقت پایہ تکمیل تک پہنچائے گئے ہیں جبکہ آئندہ مالی سال میں رنگ روڈ، نالہ لئی ایکسپریس وے، آر ڈی اے ٹاور کی تعمیر پلان میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو ترقیاتی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں ان کے معیار کی چیکنگ تھرڈ پارٹی کر رہی ہے۔ ایم ڈی واس راولپنڈی راجہ شوکت نے کہا کہ راولپنڈی کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے 60 کروڑ روپے کی لاگت سے 18نئے ٹیوب ویلوں کی تنصیب کا کام جاری ہے جبکہ راولپنڈی میں 13 کلومیٹر لمبائی پر مبنی پانی کی پائپ لائنیں بچھائی جا رہی ہیں جن سے شہریوں کو پانی کی فراہمی بہتر انداز میں ممکن ہو سکے گی۔