مری میں شدید برف باری کے پیش نظر سیاحوں کے لئے خصوصی ہدایات جاری

بدھ 18 جنوری 2017 19:48

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) مری میں شدید برف باری کے پیش نظر ٹریفک پولیس راولپنڈی کی طرف سے مری آنے والے سیاحوں کے لئے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ سیاحوں کے سفر کو خوشگوار بنایا جاسکے۔ اس حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی یوسف علی شاہد نے سیاحوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاح بوجہ پھسلن موٹر سائیکل، بڑی بسز اور بڑی کوسٹرز مری لے کر نہ آئیں، ٹائروں میں ہوا کا پریشر کم رکھیں، اچھی اور میکنیکلی فٹ گاڑی پر ہی مری آئیں، بیٹری کی کنڈیشن اچھی ہو تاکہ سخت سردی میں بھی گاڑی باآسانی سٹارٹ ہو جائے، اچھا اور ماہر ڈرائیور ہی گاڑی کو مری لے کر آئے۔

انہوں نے کہا کہ دو طرفہ ٹریفک چلنے کی وجہ سے سیاح غلط پارکنگ نہ کریں، صرف پیٹرول پر ہی گاڑی کو مری لے کر آئیں اور برف باری کے دوران محتاط ڈرائیونگ کریں، انہوں نے کہاکہ حکومتِ پنجاب کی طرف سے دیئے گئے سنو بائیکس کی مدد سے سیاحوں کو مری میں برف باری کے دوران ٹریفک سہولیات اور دیگر آن گرائونڈ سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مری میں سیاحوں کو ٹریفک کی بہترین سفری سہولیات کے لئے وارڈن افسران کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے انہوںنے کہا کہ آر پی او راولپنڈی محمد وصال فخر سلطان راجہ اور سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی اسرار احمد خان عباسی کے خصوصی احکامات پر ڈسٹرکٹ پولیس اور ٹریفک پولیس مشترکہ طور پر سیاحوں کی مدد اور رہنمائی کے لئے بخوبی فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنا رہے ہیں انہوںنے کہاکہ سیاح ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات پر عمل کریں تاکہ سفری سہولیات کی فراہمی میں آسانی ہوچیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی یوسف علی شاہد نے کہاکہ مری آنے والے سیاح حضرات ٹریفک پولیس مری کی ہیلپ لائن 051.9269200پر کسی بھی رہنمائی ، مدد اور معلومات کے لئے را بطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :