اسلام آباد تا پشاور موٹروے کے سروس ایریا میں کنٹریکٹر نے ناقص کام کیا تھا جس کے باعث اس کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کردیا گیا ہے‘ معاملہ اس وقت عدالت میں ہے‘ حکم امتناعی ختم ہونے کے بعد کسی نئی کمپنی کو ذمہ داری دیں گے

وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کا ایوان بالا میں اظہار خیال

بدھ 18 جنوری 2017 19:46

اسلام آباد ۔18جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ اسلام آباد تا پشاور موٹروے کے سروس ایریا میں کنٹریکٹر نے ناقص کام کیا تھا جس کے باعث اس کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کردیا گیا ہے‘ معاملہ اس وقت عدالت میں ہے‘ حکم امتناعی ختم ہونے کے بعد کسی نئی کمپنی کو ذمہ داری دیں گے تاکہ وہ معیاری کام کر سکے۔

(جاری ہے)

بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹر اعظم سواتی کی تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی کمپنی کو کام دینے کے بعد کام معیاری ہوگا اور مسافروں کو سروسز ایریا میں بہتر سہولیات ملیں گی۔ قبل ازیں سینیٹر اعظم سواتی اور سینیٹر سراج الحق نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد تا پشاور موٹروے پر سروس ایریا میں بنائے گئے ریسٹورنٹس ‘ مساجد اور واش رومز کی کوالٹی انتہائی غیر معیاری ہے حتیٰ کہ مساجد بھی چھوٹی ہیں اور ان میں استعمال کئے گئے قالین بھی ناقص کوالٹی کے ہیں۔ خواتین کے لئے واش روم کے انتظامات بھی انتہائی ناقص ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو مسائل کا سامنا ہے حکومت اس جانب توجہ دے۔