سردی بڑھنے کے ساتھ گیس کی طلب میں بے تحاشا اضافہ ہوگیا ہے‘ پنجاب میں پیداوار طلب سے 50 فیصد کم ہے جس کے باعث صارفین کو مسائل کا سامنا ہے‘ حکومت نے ایل پی جی کی قیمت نہیں بڑھنے دی‘ ماضی میں ایل پی جی کا سلنڈر 2500 روپے تک ملتا رہا جس کی قیمت آج 1200 روپے ہے

وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی کا ایوان بالا میں سوالات کا جواب

بدھ 18 جنوری 2017 19:46

اسلام آباد ۔18جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سردی بڑھنے کے ساتھ گیس کی طلب میں بے تحاشا اضافہ ہوگیا ہے‘ پنجاب میں پیداوار طلب سے 50 فیصد کم ہے جس کے باعث صارفین کو مسائل کا سامنا ہے‘ حکومت نے ایل پی جی کی قیمت نہیں بڑھنے دی‘ ماضی میں ایل پی جی کا سلنڈر 2500 روپے تک ملتا رہا جس کی قیمت آج 1200 روپے ہے۔

بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر عتیق شیخ کے توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایل پی جی سلنڈر میں ناقص میٹریل کے استعمال کا ایشو اوگرا سے متعلق ہے۔ اس حوالے سے 13 کمپنیاں اوگرا کے پاس رجسٹرڈ اور باقی غیر قانونی ہیں اور اگر کوئی شکایت آئے تو ضلعی انتظامیہ اس حوالے سے کارروائی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گیس کی طرح ایل پی جی کی طلب بھی سردی میں بڑھتی ہے اور اس بار 50 فیصد طلب بڑھی لیکن قیمت فی سلنڈر 1200 سے کم ہے حالانکہ پہلے یہ 2500 تک تھی۔

پنجاب میں طلب زیادہ اور پیداوار پچاس فیصد کم ہے لیکن ماضی کے مقابلے میں گیس کی سپلائی کی صورتحال بہتر ہے۔ بعض جگہ لوگ کمپریسر کا استعمال کرتے ہیں جو غیرقانونی ہے جس سے مسائل بڑھ جاتے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ پنجاب میں گیس کے 70 لاکھ صارفین ہیں اور پانچ فیصد صارفین کو جز وقتی طور پر گیس کے پریشر میں کمی کا مسئلہ درپیش ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال اڑھائی سو ملین کیوبک فٹ گیس سسٹم میں شامل کی ہے اور اگلے سال مزید گیس شامل کریں گے۔ امید ہے کہ اس سے مسئلہ حل ہو جائے گا۔ قبل ازیں سینیٹر میر عتیق شیخ نے توجہ دلائو نوٹس پر ایوان کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ ملک میں ایل پی کے لئے استعمال ہونے والے سلنڈر انتہائی ناقص ہیں اور ان کی قیمتیں بھی بہت زیادہ ہیں۔ ایل پی جی کی قیمتیں بھی بڑھ رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایل این جی کے آنے کے بعد سی این جی سٹیشنزکے کنکشن کاٹ دیئے گئے تھے اور بعد میں انہیں پائپ لائنز میں سی این جی سٹیشنز کو ایل این جی دی گئی جو ان کے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوں نے ایوان کی توجہ اس جانب دلائی کہ سردی کے ساتھ ہی بہت سے علاقوں میں گیس کا پریشر بہت کم ہوگیا ہے جس کی وجہ سے شدید سردی میں لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں۔