سندھ اسمبلی اجلاس: گورنر سندھ سعید الزمان صدیقی، سردار محمد بخش خان مہر کی والدہ، حویلیاں طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی

بدھ 18 جنوری 2017 19:37

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) سندھ اسمبلی کا اجلاس بدھ کو ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا کی صدارت میں شروع ہوا۔ تلاوت کلام پاک، نعت رسول مقبولؐ کے بعد گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی، وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر کی والدہ، حویلیاں طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں، جنید جمشید اور دیگر کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

وقفہ سوالات کے بعد ارکان کی رخصت کی درخواستیں منظور کی گئیں۔ ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے حیرت کا اظہار کیا کہ تمام ارکان بیرون ہیں۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ سب ارکان سردیوں کی وجہ سے بیرون ملک ہوں۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہاکہ بہت سے ارکان باہر گئے اور واپس نہیں آئے۔ سندھ اسمبلی نے ایم کیو ایم کے ارکان سیف الدین خالد اور عادل صدیقی، پیپلز پارٹی کے رکن پیر فضل شاہ اور مسلم لیگ (ن) کے رکن شفیع جاموٹ اور دیگر کی چھٹی کی درخواستیں منظور کر لیں جن میں سے چار ارکان بیرون ملک ہیں۔

(جاری ہے)

سندھ اسمبلی نے ایک قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی جس کے تحت اسٹینڈنگ کمیٹیوں کو سرکاری بلز پر دو ہفتوں میں لازماً اپنی رپورٹ دینا ہو گی۔ سندھ زکواة و عشر ( ترمیمی) بل 2016ء مزید غور کے لئے اسٹینڈنگ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس (آج) جمعرات کی صبح تک ملتوی کر دیا گیا۔