شہداء کی قربانیوں کی حفاظت کرنا اورتحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے‘ نعیم خان

ہمارے نوجوان قوم کے بہتر مستقبل کیلئے اپنی جانیں قربان اور اپنے لہو سے اس مقدس تحریک کو سیراب کر رہے ہیں پہلگام میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو مختلف حریت رہنمائوں کا شاندار خراج عقیدت

بدھ 18 جنوری 2017 15:16

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما اورنیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم احمد خان پہلگام میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں حال ہی میں شہید ہونے والے نوجوان عادل احمدریشی کے گھر بجبہاڑہ گئے اور ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نعیم احمد خان نے اس موقع پر شہید ہونے والے نوجوانوںعادل احمد ریشی ، عابد احمد شیخ اورمسعود احمد شاہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان قوم کے بہتر مستقبل کے لئے اپنی جانیں قربان کررہے ہیں اور اپنے گرم لہو سے اس مقدس تحریک کو سیراب کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان ہمارے ہیرو ہیں اور ہمیں ان پر فخر ہے۔ شہداء کی قربانیوں کی حفاظت کرنا اورتحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے نشے میںہماری نئی نسل کو نشانہ بنا رہا ہے لیکن وہ دن دور نہیں جب بھارت کو کشمیر میں اپنی شکست تسلیم کرناپڑے گی کیونکہ کشمیری قوم نے آزادی کی یہ تحریک شعوری بیداری کے ساتھ شروع کی ہے اور ہم سب اسے منزل مقصود تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس تحریک کی کامیابی کے لئے کبھی کسی قربانی سے دریغ نہیںکیا اور نہ آئندہ کریں گے۔بھارت نے اس تحریک کو کچلنے کے لئے فوجی قوت کے ساتھ ساتھ ہر حربہ استعمال کیا لیکن اسے ناکامی کے سوا کچھ ہاتھ نہ لگا۔ کشمیری ریاست کی سا لمیت اور آزادی کے لئے جدوجہد کررہے ہیں اور یہ جدوجہد حصول مقصد تک جاری رہے گی ۔دریں اثنائنعیم خان نے جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ کے نائب چیئر مین ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ کے برادر نذیر احمد بٹ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی کیا اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی ہے۔

انہوں نے جموں کے آزادی پسند رہنما ڈی آر شرما کے انتقال پربھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک آزادی کے لیے ان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔جموں وکشمیرمسلم لیگ کے ترجمان فیروز احمد خان نے بھی آوورہ پہلگام میں شہید ہونے والے نوجوانوں کوخراج عقیدت پیش کیا ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ ان نوجوانوں کی عظیم اور بے مثال قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں جو اپنے عیش و آرام کو تج کر مظلوم کشمیریوں کی آزادی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔حریت رہنمائوں محمد یوسف نقاش اورسلیم زرگرکی قیادت میں بھی ایک وفد شہید نوجوانوں کے گھرسٹکی پورہ ،بیوورہ اوربجبہاڑہ گیا اور ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔

متعلقہ عنوان :