مقبوضہ کشمیر : شہدائے گائو کدل، کپواڑہ اور ہندواڑہ کی برسیوں پر ہڑتال کی کال

شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا‘ متحدہ مزاحمتی قیادت

بدھ 18 جنوری 2017 15:16

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، میر وعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل متحدہ مزاحمتی قیادت نے شہدائے گائو کدل کی برسی پر 21جنوری بروز ہفتہ سرینگر میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مزاحمتی قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں 25جنوری کو ہندواڑہ جبکہ 27جنوری کو کپواڑہ میں بھی شہداء کی برسیوں پر مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔

بیان میں کہا کہ شہداء کی برسیوں کے موقع پر ہڑتال کا مقصد ان لوگوںکی عظیم قربانیوںسے کشمیر کی نئی نسل کو روشناس کرانا ہے جنہوں نے غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کیں۔ بیان میں کہاکہ نہتے شہریوں کے قتل اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوںکے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہچانے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا کہ شہدائے گائو کدل، ہندواڑہ اور کپواڑہ کی برسیوںکے موقع پر مختلف پروگراموں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیاکہ قربانیوںکو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ21جنوری1990 کو بھارتی فوجیوں نے سرینگر کے علاقے گائو کدل میں ایک پر امن ریلی پر بلااشتعال فائرنگ کر کے 50سے زائد شہریوں کو شہید کر دیا تھا۔

25جنوری1990کوبھارتی بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے ہندواڑہ قصبے میں پر امن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 17بے گناہ شہریوں جبکہ 27جنوری1994 کو کپواڑہ قصبے میںفائرنگ کر تے ہوئے 27کشمیریوں کو فائرنگ کر کے شہید کردیا تھا ۔قتل عام سے چند روز قبل بھارتی فوجیوں نے قصبے کے دکانداروں کو خبردار کیاتھا کہ اگر انہوںنے 26جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پرہڑتال کی تو انہیں سنگین نتایج کا سامنا کرناپڑیگا تاہم لوگوںنے فوجیوں کی دھمکی کو خاطر میں لاتے ہوئے یوم جمہوریہ کے موقع پر مکمل ہڑتال کی تھی جس پر فوجیوںنے اشتعال میں آتے ہوئے 27کشمیریوں کو شہید کردیاتھا۔

متعلقہ عنوان :