اسرائیل یہودی بستیوں کی تعمیر بند کر دے

عالمی برادری فلسطینیوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کرے اسرائیل اور فلسطین قرارداد کے مطابق جلد امن مذاکرات شروع کریں ، چینی مندوب

بدھ 18 جنوری 2017 14:56

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جنوری2017ء) چین نے اسرائیل اور فلسطین پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی بستیوں اور جلد از جلد امن مذاکرات شروع کرنے کے بارے میں سکیورٹی کونسل کی قرارداد پر عمل کریں ، فلسطین کا مسئلہ مشرق وسطیٰ کا ایک اہم مسئلہ ہے اور یہ علاقے کا بنیاد ی سوال ہے ، فلسطینی عوام کے اور جائز قومی مفادات کا تحفظ بین الاقوامی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،اس بات سے قطع نظر کہ فریقین کے درمیان حال ہی میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث امن مذاکرات میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے ، اس سلسلے میں عالمی برادری کو مسئلے کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل میں چین کے مستقل نمائندے لیو جی یی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں کو سکیورٹی کونسل کی قرارداد 2334پر مکمل طورپر عمل کرنا چاہئے اور اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جلد ازجلد امن بات چیت شروع کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو یہودی بستیوں کی تعمیر اور فلسطینیوں کے گھروں کو تباہ کرنے کی کارروائی بند کردینی چاہئے ۔انہوں نے پیرس میں ہونیوالی مشرق وسطیٰ امن کانفرنس کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس سے بھرپور سفارتی کوششیں شروع ہو جائیں گی ۔