سترہ سالہ فلسطینی بچے کے وحشیانہ قتل کی ویڈیو سامنے آگئی، فلسطین بھر میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی

قصی العمور کی شہادت صہیونی فوج کا وحشیانہ، سفاکانہ چہرہ بے نقاب کرنے کیلئے کافی ہے، واقعے کے بعد قابض، قاتل دشمن کیساتھ مذاکرات کا کوئی جواز باقی نہیں رہا ہے، عبدالرحمن شدید

بدھ 18 جنوری 2017 14:36

بیت لحم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2017ء) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر بیت لحم میں سترہ سالہ فلسطینی بچے کے وحشیانہ قتل کے واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد فلسطین بھرمیں اسرائیلی ریاست کیخلاف شدید غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق فلسطینی عوام، سیاسی اور سرکاری حلقوں میں شدید رد عمل اس وقت سامنے آیا جب ایک ویڈیو فوٹیج سامنے آئی جس میں بیت لحم میں تقوع قصبے میں سوموار کی شام ایک نہتے فلسطینی لڑکے قصی العمور کو وحشیانہ طریقے سے گولیاں مار کر شہید کررہے ہیں۔

العمور کی شہادت پرفلسطینی عوام میں شدید غم وغصے کی لہر دوڑ گئی اور کئی شہروں میں اسرائیلی فوج کی مجرمانہ کارروائی اور وحشیانہ ریاستی دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی جاری ہیں۔

(جاری ہے)

العمور کے وحشیانہ قتل کے رد عمل میں حماس کی قیادت نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی غاصب دشمن کیساتھ مذاکرات کی پینگیں بڑھانے والوں کیلئے بھی لمحہ فکریہ ہے۔

ایک طرف اسرائیلی فوج نہایت وحشیانہ طریقے سے فلسطینیوں کو جان سے مارنے سے گریز نہیں کرتی اور دوسری طرف فلسطینی اتھارٹی دشمن کے ساتھ امن امن کی رٹ لگائے ہوئے ہے۔حماس رہنما عبدالرحمان شدید نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قصی العمور کی شہادت صہیونی فوج کا وحشیانہ اور سفاکانہ چہرہ بے نقاب کرنے کیلئے کافی ہے۔ اس واقعے کے بعد قابض اور قاتل دشمن کے ساتھ مذاکرات کا کوئی جواز باقی نہیں رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کے ہاتھ فلسطینی قوم کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ دشمن صرف طاقت کی زبان جانتا ہے اور فلسطینی قوم کو قابض صہیونیوں کے خلاف صرف مسلح طاقت اور مزاحمت ہی کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔فلسطینی لڑکے کی شہادت پر فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے بھی شدید مذمت کی گئی ہے۔ فلسطینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قصی العمور کی شہادت ماورائے عدالت قتل ہے۔ اس واقعے کے بعد عالمی فوج داری عدالت میں صہیونی ریاست کے جرائم کو اٹھانا فلسطینی قوم کا حق ہے۔