روس نے پابندیوں کے خاتمے کے بدلے ایٹمی ہتھیار کم کرنے کی ٹرمپ کی پیشکش مسترد کر دی

بدھ 18 جنوری 2017 11:02

ماسکو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) روس میں طاقت کے مرکز کریملن ہاؤس نے روس کے خلاف عائد پابندیوں کو ختم کرنے کے بدلے ماسکو کے ایٹمی ہتھیاروں میں کمی کے لیے امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پیشکش مسترد کر دی ہے۔ارنا کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں برطانوی اور جرمن جریدوں کو دیے گئے انٹرویوز میں یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ پابندیوں نے روس کو کافی نقصان پہنچایا ہے، ان کے خاتمے کو ماسکو کے ایٹمی ہتھیاروں میں کمی کے سلسلے میں امریکہ کے ساتھ روس کے ایٹمی معاہدے سے مشروط قرار دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کو اس معاہدے سے فائدہ ہو گا۔

روسی صدر کے ترجمان دیمیتری پیسکوف نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے جواب میں کہا ہے کہ روس امریکہ کی جانب سے پابندیوں کے خاتمے کے بدلے اپنے ایٹمی ہتھیاروں میں کمی کے امکان کا جائزہ نہیں لے گا۔

(جاری ہے)

ڈونلڈ ٹرمپ نے پابندیوں کے خاتمے کے بدلے روس کو ایٹمی ہتھیار کم کرنے کی پیشکش ایک ایسے وقت میں کی ہے کہ جب امریکہ کے پاس ایٹمی ہتھیاروں کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے اور اس نے عالمی دباؤ کے باوجود ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی پر ابھی تک دستخط نہیں کیے ہیں۔امریکہ اور یورپی یونین نے روس پر مشرقی یوکرین کی جھڑپوں میں ملوث ہونے اور یوکرین کی حکومت کے مخالفین کی مدد کرنے کا الزام عائد کر کی2014 سے روس کے خلاف بہت سی مالی اور اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

متعلقہ عنوان :