وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ بھرکھیلوں کے میدانوں کو180دنوںکے اندر اپ گریڈ کردیا جائے گا، حنیف عباسی

منگل 17 جنوری 2017 23:33

سیالکوٹ ۔17 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) چیئرمین پرونشل سٹیرنگ کمیٹی برائے سپورٹس پنجاب حنیف عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں 180دنوںکے اندر کھیلوں کے میدانوں کو اپ گریڈ کردیا جائے گا جبکہ کھلاڑیوں کو کھیلوں کا جدیدسازو سامان اور سہولیات کی دستیابی سمیت ملک کے مایہء ناز کھلاڑیوںکی کوچنگ میسر آئے گی‘ صوبہ کے تمام اضلاع میں یونین کونسل کی سطح پر میرٹ پر فٹ بال، ہاکی، کرکٹ اور والی بال کی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی اور ان کے مابین مقابلہ جات منعقد کروائے جائیں گے جس سے ناصرف صوبے میں کھیلوں کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ نیا ٹیلنٹ ابھر کرسامنے آئے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواز شریف ہاکی اسٹیڈیم سیالکوٹ کے دورہ کے دوران کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام، میئر سیالکوٹ توحید اختر چودھری ، رانا عبد الوحید اور مرزا ابرار بیگ کے علاوہ دیگربھی اس موقع پر موجود تھے ۔حنیف عباسی نے موقع پر موجود یوسی چیئرمینوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ یونین کونسل کی سطح پر کھیلوں کی ٹیمیں 100فیصد میرٹ پر تشکیل دیں اورباصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ قومی سطح پر ملک کا نام روشن کرسکیں ۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق سیالکوٹ سٹی کے سکولوں ، کالجوں اور پرانی گراؤنڈز کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف ہاکی اسٹیڈیم کی آسٹروٹرف کی صفائی کیلئے مشینری فراہم کی جائیگی اور یہاں پر سابق اولمپیئن اجمل خاںکی نگرانی میں کوچنگ کلب کا اجراء کیا جائے گا۔ انہوں نے ڈی ایس او کو ہدایت کی ہاکی اسٹیڈیم کے باہر فٹ بال گراؤنڈ کو اپ گریڈ کیا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ میں ایک سٹیٹک فٹ بال گراؤنڈتیار کی جائے گی جبکہ چٹی شیخاں میں واقع والی بال اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگائی جائے گی ۔چیئرمین حنیف عباسی نے کہاکہ کھیلوں کے میدانوں کو اپ گریڈ کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہر ممکن وسائل مہیا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کھیلوں کے میدانوں کی تزئین وآرائش اور اپ گریڈیشن کے منصوبوں کو مقررہ معیاد کے اندر پایہء تکمیل تک پہنچانے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے دی پروگرام مینجمنٹ یونٹ کو ذمہ داری سونپی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پی ایم یو ہی منصوبوں کا پی سی ون تیار کرے گا اور ان کی ٹینڈرنگ بھی کرے گا۔ بعد ازاں حنیف عباسی نے سیالکوٹ کے تاریخی تالاب شیخ مولابخش کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ تالاب شیخ مولا بخش کو از سر نو تزئین و آرائش کی جائے گی اور اس کو مکمل طور پر ملٹی پرپز ان ڈور گیمز اسٹیڈیم میں تبدیل کردیا جائے گاجہاں پر بیڈمنٹن، والی بال، باسکٹ بال اور ٹیبل ٹینس کے علاوہ اتھلیٹکس کیلئے کورٹس تیار کئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ کھیلوں کے میدانوں کو اپ گریڈ کرکے اسٹیک ہولڈرز کے سپرد کردیا جائے گااور یہاں پر کھیلوں کے سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی اور سرپرستی کی جائے گی ۔ رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام اور میئر سیالکوٹ توحید اختر چودھری نے کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی کاوشوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اس منصوبے کی تکمیل سے کھیلوں کو حقیقی معنوں میں فروغ حاصل ہوگا، انہوں نے کہاکہ اس میگا پراجیکٹ کو کامیاب بنانے کیلئے سیالکوٹ کے سیاسی و سماجی حلقے متعلقہ محکموں کے ساتھ بھرپور تعاون کرینگے اور کھیلوں کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے۔