فیصل آباد، کاشتکار تیز ہوا ‘ دھند یا بارش کی صورت میں فصلوں کو سپرے کرنے سے گریز کریں،محکمہ زراعت ( توسیع )

منگل 17 جنوری 2017 23:20

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2017ء) محکمہ زراعت ( توسیع ) نے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ تیز ہوا ‘ دھند یا بارش کی صورت میں فصلوں کو سپرے کرنے سے گریز کریں جبکہ جڑی بوٹی مار سپرے کے لئے 100 تا 120 لیٹر پانی فی ایکٹر استعمال کریں جس کے لئے دوپہر کا وقت نہایت موزوں ہے اور سپرے کے بعد گوڈی یا بار ہیرو کے استعمال سے اجتناب کیا جائے ۔

ڈائریکٹر ایگری کلچر چوہدری عبدالحمید نے کاشتکاروں کو رواں ماہ کے دوران فصلوں کے لئے مختلف احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت توسیع نے گندم کی فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لئے خصوصی مہم کا آغاز کر رکھا ہے اور ٹیمیں کسانوں کی رہنمائی کے لئے فیلڈ میں موجود ہیں اور انہیں گندم کے نازک مراحل میں آبپاشی اور بقیہ ناٹروجنی کھاد ڈالنے کی ترغیب بھی دی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ کے افسران سے کہا کہ جن کھیتوں میں دھان اور کپاس کے بعد گندم کی کاشت نہیں ہو سکی وہاں کماد ‘ مونگ اور سورج مکھی کی بہاریہ کاشت کے لئے کاشتکاروں کو کھیت تیاری کرنے اور منظور شدہ ترقی دادہ اقسام کے بیج کا انتظام کرنے کی طرف متوجہ کیا جائے اور لگاتار سرد موسم سے سبزیات اورباغات پر شدید مضر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں لہذا ان مضر اثرات سے بچائو کے لئے احتیاطی تدابیر اور مناسب اقدامات بارے کاشتکاروں کی رہنمائی بھی کی جائے ۔

ڈائریکٹر زراعت نے کسانوں سے کہا کہ کپاس پر گلابی سنڈیوں کے تدارک کے لئے خالی زمینوں میں ہل چلایا جائے اور کچرا وغیرہ کو تلف کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت حکومت پنجاب کی طرف سے سبزیوں کی ترویج کا ترقیاتی منصوبہ جاری ہے ۔ دالیں غذائی اہمیت کی حامل فصلیں ہیں جن کی پیدا وار میں اضافہ کے لئے کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی ‘ کھادوں کا متناسب استعمال اور جڑی بوٹیوں کی تلقی کے بارے میں آگاہی دی جارہی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ بیجوں کے کاروبار میں دلچسپی رکھنے والے ڈیلرز حضرات کا محکمہ زراعت پنجاب کے پاس رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے لہذا رجسٹرڈ ہونے کے خواہشمند ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ( توسیع ) کے دفتر سے فارمز حاصل کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے ایک سال کے لئے عارضی لائسنس جاری کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :