سینٹ میں مودی کی سازشوں کے خلاف قرارداد کی منظوری قابل تحسین ہے، برھان مظفروانی کی شہادت کے بعد شروع ہونیوالی آزادی کی تحریک کودبایانہیں جاسکتا،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،ہم کبھی اس سے دستبردار نہیں ہوں گے

امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد کا بیان

منگل 17 جنوری 2017 20:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جنوری2017ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے سینٹ کے اجلاس میں بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی طرف سے دہشت گردی کوپاکستان سے منسوب کرنے کی مذموم کوششوں کے خلاف متفقہ طور پر قراردادکی منظوری کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ سینٹ میں قرارداد کی منظوری لائق تحسین ہے۔سرجیکل اسٹرائیک کے نام پر بھارت دنیا کو بے وقوف بنارہا ہے۔

مودی سرکار پاکستان دشمنی میں بالکل اندھی ہوچکی ہے۔اگر ہندوستان نے کسی قسم کی جارحیت کاارتکاب کیا تو اسے منہ توڑ جواب دیاجانا چاہئے۔بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ہندو فورسز کے مظالم کو چھپانے کے لیے دنیا کو گمراہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے ورکنگ بائونڈری پر40جبکہ ایل او سی پر290مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس سی45افراد شہید اور 138زخمی ہوئے جبکہ برھان مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے شروع ہونے والی آزادی کی تحریک کوہندوستان دبانے میں بری طرح ناکام ثابت ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اب تک مقبوضہ کشمیر میں 15ہزار سے زائد افراد زخمی ڈیڑھ سو افراد شہید اور12ہزارسے زائد افراد کو پیلٹ گنوں سے نابینا کردیا گیا ہے مگر اقوام متحدہ سمیت نام نہاد انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں اور ممالک خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔امریکہ ومغرب کو مسلمانوں کے حوالے سے اپنے دوہرے معیارات کوتبدیل کرنا ہوگا۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ پاکستانی حکومت ہندوستان سے دوستی اور تجارت کرنے کے خواب دیکھنا چھوڑدے۔

بھارت نے ہمیشہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کاکوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔ پاکستانی حکمران ہوش کے ناخن لیتے ہوئے ایسی پالیسیاں مرتب کریں جن سے کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلانے میں مددملے۔ہم3کروڑ کشمیریوں کی سفارتی،سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔کشمیر بھارت کااٹوٹ انگ نہیں بلکہ پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس سے ہم کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔