جسٹس ( ر) سعید الزماں صدیقی نے ساری زندگی قانون کی پاسداری میں گزاری، سفیر مراکش

منگل 17 جنوری 2017 20:24

جسٹس ( ر) سعید الزماں صدیقی نے ساری زندگی قانون کی پاسداری میں گزاری، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2017ء)پاکستان میں تعینات مراکش کے سفیر محمد کارمون نے مراکش کے کراچی میں تعینات اعزازی قونصل جنرل مرزا اشتیاق بیگ اور معروف صنعت کار مرزا اختیار بیگ کے ہمراہ منگل کو گورنر ہائوس میں سابق گورنر سندھ جسٹس (ر) سعیدالزماں صدیقی کے صاحبزادے افنان صدیقی سے ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی ایک ماہر قانون دان او ر اصول پسند شخصیت کے مالک تھے جنھوں نے ساری زندگی آئین اور قانون کی پاسداری میں گذاری ۔

(جاری ہے)

وفد نے سابق گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی مرحوم کی مغفرت ، درجات کی سربلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔قبل ازیں سابق گورنر پنجاب و تحریک انصاف کے رہنما چوہدری غلام سرور نے بھی گورنر ہائوس میں جسٹس (ر) سعیدالزماں صدیقی کے صاحبزادے افنان صدیقی سے تعزیت کی ۔ چوہدری سرور نے کہا کہ جسٹس (ر) سعیدالزماں صدیقی ایک شفیق انسان تھے ان کی وفات سے ہم ایک سچے پاکستانی سے محروم ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی پوری زندگی آئین و قانون کی پاسداری میں گذری ، مرحوم اصول پسندی میں اپنی مثال آپ تھے ، ہمیشہ قانون کی حکمرانی کی بات کی ، ان کی خدمات مجھ سمیت پوری قوم کو ان کی یاد دلاتی رہے گی ۔