صوبائی حکومت معذور افراد کی تعلیم اور ان کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، سرکاری ملازمتوں میں ان کے مخصوص کوٹے سمیت انہیں معاشرے کا مفید فرد بنانے کیلئے سکولوں اور دستکاری سنٹرز اور دیگر اقدامات اٹھائے گئے ہیں

چیئرمین ڈیڈک کمیٹی مردان اور رکن صوبائی اسمبلی افتخار علی مشوانی کا تقریب سے خطاب

منگل 17 جنوری 2017 20:22

تخت بھائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جنوری2017ء) چیئرمین ڈیڈک کمیٹی مردان اور رکن صوبائی اسمبلی افتخار علی مشوانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت معذور افراد کی تعلیم اور ان کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور سرکاری ملازمتوں میں ان کے مخصوص کوٹے سمیت انہیں معاشرے کا مفید فرد بنانے کے لیے سکولوں اور دستکاری سنٹرز اور دیگر اقدامات اٹھائے گئے ہیں وہ یونین کونسل دامن کوہ کے علاقہ مزدور آباد میں معذور بچوں کے لیے گورنمنٹ سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کے لیے اراضی سالک فائونڈیشن کے بانی جہانزیب سالک نے فراہم کی ہے۔

تقریب سے اسسٹنٹ کمشنر تخت بھائی میاں اشفاق احمد، ممبر ڈسٹرکٹ کونسل مردان ڈاکٹر حفیظ الوہاب ، پی ٹی آئی یو سی دامن کوہ کے صدر میاں رحمان سید، سینئر نائب صدر اسفندیار باچہ، جنرل کونسلر شہزاد حسین اور سالک فائونڈیشن کے بانی جہانزیب سالک نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ٹی آئی دامن کوہ کے نائب صدر محمد طفیل خان مہمند، قیصر اقبال حسن زئی، یو سی نرئی کے صدر شیر شاہ، ناظم عمران خان،تحصیل کونسلر اختر گل،جنرل کونسلران کاشف خان ،ہیڈ ماسٹر فضل رازق، حاجی محبت خان، حاجی گل محمد اور محمد گل وغیرہ بھی موجود تھے ۔

ایم پی اے افتخار علی مشوانی نے کہا کہ منصوبے پر دوکروڑ، دو لاکھ اٹھانوے ہزار روپے لاگت آئیگی اور اس سے ادارے کو بھی دیگر اداروں کی طرح تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیگی جس میں معذور بچے مفت تعلیم حاصل کرینگے ۔ اس موقع پر انہوں نے گورنمنٹ پرائمری سکول مزدور آباد کے لیے سولر سسٹم کی تنصیب کا ، دو اضافی کمروں اور پینے کے پانی کی فراہم کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے عوام اور صوبے کی حالت بدلنے کا عہد کر رکھا ہے اور تمام شعبوں میں نمایا تبدیلیاں لا رہے ہیں جس کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ رہے ہیں ۔