پاک افغان اچھے تعلقات نہ صرف دونوں ملکوں کے مفاد میں ہیں بلکہ خطے اور عوام پربھ مثبت اثرات مرتب ہوں گے،آفتاب شیرپائو

منگل 17 جنوری 2017 20:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2017ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائونے اسلام آباد اور کابل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے اچھے تعلقات نہ صرف پاکستان اور افغانستان کے مفاد میں ہے بلکہ خطے اور عوام پربھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے لہٰذا دونوں ہمسایہ ممالک غلط فہمیوں کے خاتمے اور تعلقات میں بہتری لانے پر توجہ مرکوز کرے۔

اپنے ایک بیان میں انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی موجودہ نازک صورتحال کے تناظر میں دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ مزاکرات کے ذریعے تمام مسائل حل کرے کیونکہ بدگمانیاں مسائل کا حل نہیں۔انھوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے مفادات مشترکہ ہیں اور تعلقات میں بگاڑ سے دوسرے عناصر فائدہ لیں گے جس سے خطے کی امن اور خوشحالی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے آرمی چیف جنرل باجوہ اور افغان صدر اشرف غنی کے مابین ٹیلی فونک رابطہ کو ایک احسن اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس سلسلے کو آگے بڑھایا جائے اور لیڈرشپ،اسٹبلشمنٹ اور عوام کے مابین روابط بڑھنے چاہیے تاکہ مسائل کو میز پر بیٹھ کر حل کیا جائے۔آفتاب شیرپائو نے قندہار اور کابل میں دہشت گردی کے واقعات پر گہرے غم اور رنج کا اظہار کیااورقیمتی انسانی جانوں کی ضیاع کو انتہائی افسوسناک قراردیا۔