پی ٹی وی لاہور سینٹر میں ایمپرا کے الیکشن میں کامیاب پروڈیوسر پینل کے عہدیداران کا پر تپاک استقبال

منگل 17 جنوری 2017 20:11

پی ٹی وی لاہور سینٹر میں ایمپرا کے الیکشن میں کامیاب پروڈیوسر پینل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2017ء) پاکستان ٹیلی ویژ ن لاہور سینٹر میں ایمپرا کے الیکشن میں کامیاب ہونے والے پروڈیوسر پینل کے عہدیداران کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔ مختلف ٹی وی چینلز سے تعلق رکھنے والے ایمپرا کے نو منتخب صدر قیصر شریف،سینئر نائب صدر سیّد تنزیل گیلانی ،گورننگ باڈی کے اراکین حشام احمد ،عتیق چوہدری، عرفان اسلم اور مہوش اکرم کا پی ٹی وی میں ڈھول کی تھاپ اور گل پاشی سے استقبال کیا گیا ۔

اس سلسلے میں ایک پر وقار استقبالیہ تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس کی میزبانی کے فرائض عمر خان نے انجام دیئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی وی سینٹرل ایمپلائز یونین (سی بی اے )کے مرکزی صدر جہانگیر خان نے ایمپرا الیکشن میں قیصر شریف کی کامیابی کو پی ٹی وی کے لئے ایک اعزازقرار دیا اورالیکشن میں کامیاب ہونے والے ان کے پینل کے تمام ساتھیوں کو مبارکباد پیش کی ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایمپرا کے نومنتخب صدر قیصر شریف نے تمام چینلز اور پینل سے تعلق رکھنے والے پروڈیوسرز کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا الیکشن ختم ہوا آج سے پینل کی سیاست ختم ہو جانی چاہئے ،انہوں نے دوسرے پینل سے کامیاب ہونے والے ایگزیکٹو اور گورننگ باڈی کے ممبران کو بھی مبارکباد پیش کی اور توقع ظاہر کی کہ اب سب مل کر اپنی تمام تر توانائیاںپروڈیوسرز کی فلاح و بہبود کے کاموں میں صرف کریں گے ۔

پی ٹی وی کے علاوہ دنیا ،ایکسپریس ، وقت ، جیو اور نیو ٹی وی چینلز کے نمائندگان شکیل اعوان ،احمد ابوبکر،آفتاب چوہدری ،زنیرا طارق،محمد سمیع حسین،حافظ شاہد،حماد افضل،حافظ شاہد، بلال رزاق،رانا کاشف ،نوید عالم،عدیل احمد عامرنے بھی شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :