والدین محکمہ صحت کی ٹیموں کیساتھ تعاون کریں تا کہ کوئی بچہ پولیو ویکسین کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے ‘ڈپٹی کمشنر عمارہ خان

بچے ہماری امیدوں کا محور ہیں ان کو ایک صحت مند مستقبل دینے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے ‘ مختلف علاقوں میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو

منگل 17 جنوری 2017 19:49

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پولیو کے مرض کے خاتمہ کیلئے کی جانے والی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں ‘تمام متعلقہ ادارے اسی لگن جوش و جذبہ اور ایمانداری سے محنت کرتے رہیں تو وہ دن دور نہیں جب پولیو کا مستقل بنیادوں پر خاتمہ ہو جائیگا‘ بچے ہماری امیدوں کا محور ہیں ان کو ایک صحت مند مستقبل دینے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے ‘ والدین محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں تا کہ کوئی بچہ پولیو ویکسین کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے ۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روزپولیو مہم کے دوران مختلف علاقوں میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا اچانک جائزہ لیتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر انکے ہمراہ پولیو انچارج ڈاکٹر محمد خالد بھی تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے نور پور ، کھڈیاں خاص ، ڈھنگ شاہ ‘الہ آباد، کنگن پور ‘چونیاں اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور گھر گھر جا کر پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور قطرے پینے والے بچوں کی انگلیوں پر لگائے گئے نشانات کو چیک کیا ۔

اسی طرح ڈپٹی کمشنر قصور نے مختلف پولیو کیمپس کا بھی دورہ کیا اور پولیو ٹیموں کو پولیس کی جانب سے دی گئی سیکورٹی کا بھی جائزہ لیا ۔ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنا کام ایمانداری اور خلوص نیت سے سرانجام دیں اور کوشش کریں کہ ضلع بھر میں کوئی بچہ پولیو قطرے پینے سے محروم نہ رہے ۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو حکم دیا کہ وہ خاص طور پر کچی آبادیوں ، خانہ بدوش بستیوں اور بھٹہ جات پر رہائش پذیر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے ضرور پلائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی سستی یا غفلت ہرگز برداشت نہ کی جائیگی ۔

متعلقہ عنوان :