تعلیمی نظام کو جدیددور سے ہم اہنگ اورفعال کردار کاحامل بنانے کی ضرورت ہے،معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے

گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا کاخیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے سینٹ اجلاس سے خطاب

منگل 17 جنوری 2017 19:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جنوری2017ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ تعلیمی نظام کو جدیددور سے ہم اہنگ اورفعال کردار کاحامل بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے۔وہ منگل کو گورنرہاؤس پشاورمیںخیبرمیڈیکل یونیورسٹی پشاور کے سینٹ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔

اجلاس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ اللہ اوریونیورسٹی کے سینٹ کے دیگر متعلقہ اراکین نے شرکت کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے سٹیچیوٹس کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میںیونیورسٹی کے سٹیچیوٹس پرنظرثانی اور معاملات کاتفصیلی جائزہ لینے کیلئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جوپندرہ دن کے اندراپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں گزشتہ اجلاس کے منٹس کی منظوری بھی دی گئی۔اس موقع پر گورنراقبال ظفرجھگڑا نے اعلی تعلیم کے فروغ میں یونیورسٹیوں کی اہمیت اجاگرکرتے ہوئے معیاری تحقیقی تعلیمی سرگرمیوں پرتوجہ مرکوز رکھنے کی ضرورت پرزوردیا۔ انہوں نے کہاکہ طلباء ملک کاسرمایہ ہیںجومستقبل میں ملک کی ترقی میں اہم کردار اداکرسکتے ہیں۔ قبل ازیں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے سینٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے گورنرنے یونیورسٹی کے سٹیچیوٹس پرنظرثانی اور معاملات کاتفصیلی جائزہ لینے کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی اور ہدایت کی کہ بلاتاخیر پندرہ دن کے اندراپنی رپورٹ پیش کرے ۔

اجلاس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر احسان علی اورسینیٹ کے دیگر اراکین نے شر کت کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے بجٹ اور سٹیچیوٹس کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔گورنرنے تاکید کی کہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنایاجائے اورتحقیق پرمبنی تعلیم کو فروغ دیاجائے۔

متعلقہ عنوان :