بھارت : احمد آباد میں دنیا کے سب سے بڑے سٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

ایک لاکھ 10ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہوگی ، میلبرن گرائونڈ میں 1لاکھ افراد بیٹھنے کی گنجائش ہے اسٹیڈیم میں 76 کارپوریٹ باکس، تین پریکٹس گراؤنڈ، ایک ان-ڈور کرکٹ اکیڈمی، چار ڈریسنگ روم، ایک کلب ہاؤس اور ایک اولمپک سائز کا سوئمنگ پول ہو گا، پری مل نتھوانی

منگل 17 جنوری 2017 17:52

بھارت : احمد آباد میں دنیا کے سب سے بڑے سٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا
احمد آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2017ء) دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم کا بھارت کے شہر احمدآباد میں سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے جس میں ایک لاکھ دس ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی۔کولکتہ کا ایڈن گارڈنز دنیا کا سب سے بڑا اسٹیڈیم تصور کیا جاتا تھا لیکن ازسر نوتعمیر کے بعد اس میں تماشائیوں کی گنجائش کم ہو گئی ہے اور دنیا کے سب بڑے اسٹیڈیم کا اعزاز اس وقت آسٹریلیا کے تاریخی میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کو حاصل ہے جس میں ایک لاکھ شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

تاہم ہندوستانی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں نئے اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے حکام نے دعویٰ کیا کہ نئے اسٹیڈیم میں ایک لاکھ 10ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی۔گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کے نائب صدر پری مل نتھوانی کے مطابق تمام تر جدید و عالمی سہولیات سے آراستہ یہ منصوبہ 7ارب ہندوستانی روہے میں مکمل ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس اسٹیڈیم میں 76 کارپوریٹ باکس، تین پریکٹس گراؤنڈ، ایک ان-ڈور کرکٹ اکیڈمی، چار ڈریسنگ روم، ایک کلب ہاؤس اور ایک اولمپک سائز کا سوئمنگ پول ہو گا اور اسے آئندہ دو سال میں مکمل کر لیا جائے گا۔

اسے حال میں مسمار کیے جانے والے گجرات کیسردار پٹیل اسٹیڈیم کی جگہ پر بنایا جائے گا جس میں 50ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔ٹیسٹ کرکٹ میں عالمی نمبر ایک ہندوستان میں بین الاقوامی معیار کے ایک درجن سے زائد اسٹیڈیم موجود ہیں جو انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :