ڈاکٹر ریاض احمد کی کتاب’’برسبیلِ سفر‘‘ کا دوسرا ایڈیشن شائع ہو گیا

منگل 17 جنوری 2017 17:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) نیشنل بُک فائونڈیشن کے زیر اہتمام نامور اسکالر ومعلّم ڈاکٹر ریاض احمد کی 199صفحات پر مشتمل کتاب’’برسبیلِ سفر‘‘ کا دوسرا ایڈیشن شائع ہو گیا ہے۔ قیمت 130روپے ہے جسے ریڈرز بُک کلب کے ممبران صرف 59روپے میں خرید کر اپنی ذاتی لائبریری کی زینت بنا سکتے ہیں۔ یہ ایک دلچسپ، دل آویز اور منفرد رپور تاژ ہے جس کے پیش لفظ میں پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید لکھتے ہیں۔

’’ ڈاکٹر ریاض احمد ریاض ایک مجلسی آدمی ہیں ۔ گفتگو کرتے ہیں تو کرتے ہی چلے جاتے ہیں اور مخاطبین ہیں کہ اُنہیں سُنتے ہی چلے جاتے ہیں۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں’’ مجھے امید ہے کہ اپنے مندجات، نیم شگفتہ اور پختہ اسلوب، الفاظ کی نشست و برخواست اوربا محاورہ طرزِ تحریر کے باعث یہ سفر نامہ قارئین کو پسند آئے گا۔

(جاری ہے)

‘‘ مصنف نے انتساب میزا اور عاذی کے نام کیا ہے۔

ڈاکٹر ریاض احمد ریاض کہتے ہیں کہ’’ یہ ایک ناکام سفر کی کہانی ہے لیکن ایک سفر کی ناکامی ہی ایک اور سفر کا پیش خیمہ ہوتی ہے اور وہ کون سا سفر ہے جو تشنہ کام نہیں ۔‘‘ اس کتاب میں 13باب (حصی) ہیںجن میں ڈاکٹر ریاض احمد ریاض نے خوشگوار اور فرحت بخش انداز میں اپنے سفر کی دلکش روداد بیان کی ہے جس کا آخری حصہ ’’حرفِ آخر‘‘ کے عنوان سے ’’وکٹوریہ البرٹ میوزیم کی سیر‘‘ کا مختصر مگر متاثر کن احوال ہے۔

اس کتاب کی ایک اور دلچسپ خوبی یہ ہے کہ مصنف نے موقع محل کے مطابق اردو اور فارسی کے اشعار کا جس برجستگی کے ساتھ اور حسنِ صحت کے ساتھ استعمال کیا ہے وہ بہت کم فکشن نگاروں کے ہاں دیکھنے میں آتا ہے۔ یوں یہ کتاب اہلِ علم و ادب، محققین اور طلبہ و اساتذہ کے لیے بے حد منفعت بخش ہے۔

متعلقہ عنوان :