دھرنا گروپ کو ملک بھر کی طرح راولپنڈی کے عوام نے بھی یکسر مسترد کردیا ہے ، حنیف عباسی

ذاتی مفادات کی خاطر قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والے شکست خوردہ عناصر اپنے عزائم میں ناکام رہے ہیں ، چیئرمین پنجاب سپورٹس بورڈ ہر محاذ پر شکست کے بعد دھرنا اورلاک ڈاؤن کے شوقین گروپ کی سیاست آئندہ انتخابات میں لئی برد ہوجائیگی ، تقریب سے خطاب

منگل 17 جنوری 2017 17:45

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2017ء) پنجاب سپورٹس بورڈ کے چیئرمین ومسلم لیگ) ن( کے راہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ الزام تراشی،جھوٹ اورانتشار کی سیاست کرنے والے دھرنا گروپ کو پورے پاکستان کی طرح راولپنڈی کے عوام نے بھی یکسر مسترد کردیا ہے اورذاتی مفادات کی خاطر قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والے شکست خوردہ عناصر اپنے عزائم میں ناکام رہے ہیں اور یہ وہ عناصر ہیں جنہوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں ہر طرح سے روڑے اٹکانے کی کوشش کی ہے ۔

دھرنا گروپ کو عوام کی ترقی اورفلاح کسی صورت گوارا نہیں۔ہر محاذ پر شکست کے بعد دھرنا اورلاک ڈاؤن کے شوقین گروپ کی سیاست آئندہ انتخابات میں لئی برد ہوجائیگی کیونکہ پاکستان کے عوام اپنے مسائل کا حل اورملک کی ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے مختلف شعبوں کی بہتری کیلئے بے پناہ محنت سے کام کیا ہے اور آج ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر چل پڑا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت کی بہترین معاشی پالیسیوں کے باعث قومی معیشت مضبوط ہوئی ہے اور پاکستان کے باشعور عوام جان چکے ہیں کہ کون ان کی خدمت کررہا ہے اور کون ان کی ترقی کا مخالف ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ اعلیٰ راولپنڈی کے سابق کونسلر حاجی محمد مسکین اور حاجی حق نواز کی طرف سے میئر راولپنڈی سردار نسیم خان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،رکن قومی اسمبلی و چیئرمین پی ایچ اے ملک ابرار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی صرف نعروں یا تقریروں سے نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں عملی اقدامات سے آتی ہے اور عوام کی بے لوث خدمت کیلئے مٹی سے مٹی ہونا پڑتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح کی جانب بڑھ رہا ہے ۔

راولپنڈی اور کینٹ میںفلائی اوورز، میٹرو بس ،نئے اورجدید ہسپتال،ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کا قیام، نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے سمیت کھربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیئے گئے ہیں جن میں سے کچھ زیرتکمیل ہیں، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے جبکہ ماضی کے حکمرانوں نے اپنے دور میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم کئے رکھا۔

ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والوں نے کرپشن کے ذریعے اپنی جیبیں بھریں اور توانائی بحران کے حل پر کوئی توجہ نہ دی۔ غریب قوم کی محنت کی کمائی پر ہاتھ صاف کرنے والے اوردھرنوں کے ذریعے ترقی کے عمل کو روکنے والے عوام کے خیرخواہ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ دھرنوں کے ذریعے ملک و قوم کے قیمتی وقت کو بلاجواز ضائع کیا گیا، اگر دھرنا گروپ ہوش کے ناخن لیتا تو بجلی کے کئی منصوبے آج مکمل ہوچکے ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ترقیاتی منصوبے شفافیت ،برق رفتاری سے تکمیل اورمعیار کیلئے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں اور مخالفین ترقیاتی منصوبوں میں ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام نہیں لگاسکتے۔میئر راولپنڈی سردار نسیم خان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ملک کی تاریخ میں پہلی بارترقیاتی منصوبوں میں قوم کے اربوں روپے بچاکرنئی تاریخ رقم کی ہے ۔

گیس کی بنیاد پر لگنے والے 3600 میگاواٹ کے بجلی کی3 منصوبوں میں 112ارب روپے کی بچت کی مثال ملکی تاریخ میں نہیں ملتی ۔انہو ںنے کہا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور عالمی ادارے بھی کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کر رہے ہیں ۔انہو ںنے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں توانائی بحران کے خاتمے کیلئے حقیقی معنوں میںٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں اور حکومتی کاوشوں کے باعث ملک سے اندھیرے چھٹ جانے کا وقت آگیا ہے ۔

توانائی منصوبوں کی تکمیل سے رواں برس کے آخر تک لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی۔راولپنڈی میں ٹریفک کی بہتری اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات ہونگے،آرڈبلیو ایم سی کے چیئرمین راجہ محمدحنیف نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمے سے تجارتی و معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اورسرمایہ کاری بڑھنے سے ملک میں ترقی اورخوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

راولپنڈی میں صفائی کا نظام مثالی ہے،ارکان پنجاب اسمبلی لبنیٰ ریحان پیرزادہ،تحسین فواد اور زیب النساء اعوان نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان اس منزل کی جانب رواں دواں ہے جس کا خواب قائدؒ اور اقبالؒ نے دیکھاتھا۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں کئی شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیںاور پاکستان ماضی کے مقابلے میں معاشی طور پر زیادہ مستحکم اور پرامن ہے اور آج کا پاکستان ترقی، خوشحالی، امن اور امید کی نوید سنا رہا ہے۔

ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان علی نقوی نے کہا کہ تحمل ، برداشت اور رواداری پر مبنی معاشرہ کے قیام کے لئے پرعزم ہیں ۔مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے گزشتہ برسوں کے دوران زراعت کی بہتری اور کسانوں کی بہبود کے لئے جو اقدامات کئے ہیں ان کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی - عوام کے مسائل محض بیانات سے حل نہیں ہوتے بلکہ اس کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے۔

اور دنیا جانتی ہے کہ اگر آج کسانوں کے لئے بیان بازی کرنے والوں کی حکومت جاری ہوتی تو کاشتکاروں کے منہ سے ان کا آخری نوالہ بھی چھن چکا ہوتا۔ انہوںنے کہاکہ بجلی کی پیداوار میں مجرمانہ کوتاہی کے ذریعے کسانوں کے ٹیوب ویل بند کرانے والے آج کس منہ سے ان کی ہمدردی کاد عویٰ کرتے ہیں-ایم ایس ایف پنجاب کے جنرل سیکریٹری مقبول احمد خان نے کہا کہ2013ء کے انتخابات میں عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کواقتداردیااوروزیراعظم نوازشریف کی قیادت میںمسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عوام کی خدمت کے سفر کا آغاز کیااورگزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران توانائی بحران اوردہشت گردی کے خاتمے اورعوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کیے گئے ہیں اوران پروگراموں میں شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے بھی شامل تھے ۔

وزیراعظم کی قیادت میں عوامی خدمت کے ایجنڈے کو کامیابی سے آگے بڑھایا جارہا ہے ۔حاجی حق نواز، جمیل مغل،ملک محمد یوسف ،مبشر نواز،راجہ اکرام اور ملک ذیشان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت نے اتحاد کی طاقت سے جس طرح بلدیاتی اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں کلین سویپ کیا اسی طرح آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ واضح کامیابی حاصل کریگی۔

متعلقہ عنوان :