حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کیلئے روڈ میپ پیش کر دیا ہے‘ وزیر ہائیر ایجوکیشن

پاکستان میں نالج اکانومی کو فروغ ،روزگار کے نئے مواقع دستیاب ہونے کے ساتھ ساتھ معیشت بھی مضبوط ہو گی‘ سید رضا علی گیلانی

منگل 17 جنوری 2017 17:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2017ء) حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کیلئے روڈ میپ پیش کر دیا ہے،ہماری کوشش ہے کہ کالجوں اور جامعات میں طالبعلموں کو تعلیم اور تحقیق کی بہترین سہولتیں میسر آئیں، اس طرح پاکستان میں نالج اکانومی کو فروغ ملے گا اورروزگار کے نئے مواقع دستیاب ہونے کے ساتھ ساتھ معیشت بھی مضبوط ہو گی۔

یہ بات صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے پانچویں سالانہ کانووکیشن کی تقریب سے آج یہاں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین اور مختلف جامعات کے وائس چانسلرز سمیت طالب علموں کے والدین نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رضا گیلانی نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے پر رواں مالی سال میں مجموعی طور پر 47ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم اعلیٰ تعلیم کے اداروں میں تحقیق کیلئے بہترین سہولتیں مہیا کرنے کی پالیسی پر کاربندہیں۔اس کے ساتھ ساتھ طالبعلموں کی جدید تعلیمی تصورات تک رسائی ممکن بنانے کیلئے کمپیوٹر لیبز اور لیپ ٹاپ مہیا کیے گئے ہیں ۔ اسی طرح فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے اساتذہ کی تعلیمی استعداد میں بہتری لائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی ترقی میں انسانی وسائل کامربوط کردار انتہائی اہم ہے۔

اس حوالے سے ہماری کوشش ہے کہ ہیومن ڈویلپمنٹ کے ذریعے قومی ترقی کے عمل کو تیز تر کیا جائے تا کہ پاکستان گلوبل اکانومی میں اپنا حصہ ڈال سکے۔صوبائی وزیر نے طالبعلموں سے کہا کہ وہ تعلیم کو قومی ترقی کیلئے استعما ل کرنا سیکھیں ، اس طرح پاکستان کی معاشی ترقی کے عمل کو مہمیز ملے گی۔ اسی طرح ہماری نوجوان نسل دنیا کو اپنے کردار و عمل سے دکھائے کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے جس کے طالبعلم کسی سے کم نہیں۔

تقریب سے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وائس چانسلرڈاکٹر روف ِ اعظم نے خطبہ استقبالیہ میں جامعہ کی تعلیمی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر رضا گیلانی نے طالبعلموں میں ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کیے ۔