محکمہ جنگلات میں بہتری کے لیے اصطلاحات کا عمل شروع کردیا گیا ہے ،کرپٹ آفسران واہلکاران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی ،آزادکشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت میرٹ ،گڈگورننس اور مسئلہ کشمیر کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے گی ،وزیر جنگلات سردار میراکبر خان

منگل 17 جنوری 2017 16:52

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) وزیر جنگلات سردار میراکبر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر میں ہمہ وقت عوامی خدمت کے لیے کام کررہی ہے ۔ اس سلسلہ میں پورے آزادکشمیر میں میگا پراجیکٹس بنائے جارہے ہیں۔ جس سے آزادکشمیر میں جلد خوشخالی آئے گی وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے وژن کو لیکر کام کررہے ہیں ۔

ہمارے دفاتر عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت کھلے رہتے ہیں ۔ عوامی شکایات کا بروقت ازلہ کیا جاتا ہے ۔ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے فوری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج مظفرآباد میں صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت عبادت سمجھ کرکرتے ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا بنیادی مقصد ومنشور غریب عوام کی خدمت اور ان کی زندگیوں کو خوشحال بنا نا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف کی ترقی کا ایجنڈ ا صرف ملک کو ترقی و خوشخالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات میں بہتری کے لیے اصطلاحات کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔محکمہ جنگلات میں کرپشن کو برداشت نہیں کیا جائے گاکرپٹ آفسران واہلکاران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔ آزادکشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت میرٹ ،گڈگورننس اور مسئلہ کشمیر کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے گی ۔

انھوں نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوجیوں نے وادی کو فوجی چھاونی میں تبدیل کردیا ہے اور گزشتہ6 ماہ کرفیو کے دوران 200سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور ہزاروں نوجوانوں کو پلٹ گنوں سے زخمی کیاگیا اور کشمیر ی قیادت کو نظربند کرکے تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ نام نہاد بھارتی جمہوریت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہی ہیں اور پوری دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے ۔

مسئلہ کشمیر پر اقوام عالم کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ۔ پاکستان اور بھارت د و اٹیمی قوتیں ہیں اور مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں امن کا قیام ناممکن ہے ۔ بھارت ریاستی دہشت گردی نے جنوبی ایشیاء کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ آزادکشمیر کی عوام کے دل مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ان کی بھارت سے مکمل آزادی تک ان کے شانہ بشانہ جد وجہد جاری رکھیں گے ۔