افغان طالبان کا امریکی ڈرون طیارے کو مار گرانے کا دعویٰ

سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں طالبان کمانڈروں اور فرضی گورنر سمیت 15جنگجو ہلاک ، 25زخمی ، داعش نے مزید 20گھروں کو نذر آتش کردیا،سیکورٹی فورسز نے بلغ میں طالبان کی دھماکہ خیزمواد بنانے والی فیکٹری پکڑلی، فریاب میں 16سالہ لڑکی زیادتی کے بعد قتل، قندھار بم دھماکے کی منصوبہ بندی کوئٹہ میں کی گئی تھی ، افغان انٹیلی جنس کا الزام

منگل 17 جنوری 2017 16:41

افغان طالبان کا امریکی ڈرون طیارے کو مار گرانے کا دعویٰ

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جنوری2017ء) افغان طالبان نے امریکی ڈرون طیارے کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے ، سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں طالبان کمانڈروں اور فرضی گورنر سمیت 15جنگجو ہلاک اور 25زخمی ہوگئے جبکہ مشرقی صوبہ ننگرہار میں داعش کے جنگجوئوں نے مزید 20گھروں کو نذر آتش کردیا ،ادھر افغان سیکورٹی فورسز نے شمالی صوبہ بلغ میں طالبان کی دھماکہ خیزمواد بنانے کی فیکٹری پکڑلی، صوبہ فریاب میں 16سالہ لڑکی کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا،دوسری جانب افغان انٹیلی جنس نے الزام عائد کیا ہے کہ قندھار بم دھماکے کی منصوبہ بندی کوئٹہ میں کی گئی تھی ۔

منگل کوافغان میڈیا کے مطابق مشرقی صوبہ ننگرہار کے ضلع باٹی کوٹ میں امریکی ڈرون گر کر تباہ ہوگیا جسے طالبان نے مار گرانے کا دعویٰ کیاہے ۔

(جاری ہے)

ایک سیکورٹی عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایاہے کہ ڈرون طیارہ دوسرے فارم ایریا میں گر کرتباہ ہوا۔یہ علاقہ طالبان کے کنٹرول میں ہے ۔طالبان جنگجوئو ں نے ڈرون کے ملبے کو اپنے قبضے میں لے لیا۔

صوبائی حکام نے ڈرون طیارے کی تبائی کی وجہ کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی۔دریں اثناء طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے امریکی ڈرون طیارے کو باٹی کوٹ ضلع میں مارگرانے کا دعویٰ کیا ہے ۔صوبہ ہلمند میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں طالبان کمانڈروں سمیت 15جنگجو ہلاک اور 25دیگر زخمی ہوگئے ۔صوبائی گورنر کے ترجمان عمر زاک نے بتایا ہے کہ افغان نیشنل سیکورٹی فورسز نے علاقے میں انسداد دہشتگردی آپریشن کیا ہے جس میں 15طالبان جنگجو مارے گئے جن میں اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں پاکستانی انٹیلی جنس نیٹ ورک کیلئے کام کرنے والے اور طالبان کا فرضی گورنر بھی شامل ہے ۔ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے جنگجوئوں کے زیر استعمال 8گاڑیاں ،3ٹینک،ایک رینجر وہیکل،اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کردیا۔ادھر مشرقی صوبہ ننگرہار میں داعش کے جنگجوئوں نے ضلع کوٹ میں مزید 20گھروں کو نذر آتش کردیا ہے ۔

اس سے قبل داعش نے گزشتہ ہفتے 65گھروں کو جلا دیا تھا۔کوٹ ضلع کے گورنر سید رحمان نے تصدیق کی ہے کہ داعشی جنگجوئوں نے خورجی کے علاقے میں 20گھروں کو آگ لگا دی ۔افغان سیکورٹی فورسز نے شمالی صوبہ بلغ میں طالبان کی دھماکہ خیزمواد بنانے کی فیکٹری برآمد کرلی۔افغان انٹیلی جنس این ڈی ایس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فیکٹری میں دیسی دھماکہ خیزمواد(آئی ای ڈی )ڈیوائسز،خودکش جیکٹس،مقناطیسی بم اور ریمورٹ کنٹرول بم تیار کیے جاتے تھے ۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس اہلکاروں نے بارودی سرنگوں کیلئے استعمال ہونے والے 395ریمورٹ کنٹرول،15ٹائم بم،800الیکٹرک کیپسول اور دیگر دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا ہے ۔ صوبہ فریاب میں 16سالہ لڑکی کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا ۔صوبائی گورنر کے ترجمان عبدالکریم نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 2افراد نے لڑکی کے ساتھ زیادتی کی اور اسکے اسکارف کے ساتھ گلا گھونٹ کرقتل کردیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک ملزم کو گرفتارکر لیاگیا ہے جبکہ تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔دوسری جانب افغان انٹیلی جنس نیشنل ڈائریکوریٹ آف سیکورٹی (این ڈی ایس ) کے حکام نے الزام لگایا ہے کہ ابتدائی اطلاعات میں اس بات کی نشاندئی ہوئی ہے کہ قندھار بم دھماکے کا منصوبہ کوئٹہ شہر میں بنایا گیا تھا۔این ڈی ایس کے اترجمان عبدالحسیب صدیقی کاکہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی کوئٹہ میں مولوی احمدکے مدرے میں کی گئی ۔

قندھار میں گورنر کے گیسٹ ہائوس میں ہونے والے دھماکے میں 12افراد جاں بحق ہوگئے تھے جن میں متحدہ عرب امارات کے 5سفارتکا ربھی شامل ہیں۔چند روز قبل متحدہ عرب امارات کے سیکورٹی اداروں نے حملے کا ذمہ دار افغان سیکورٹی ادارو ںکو ٹھہرایا تھا۔