آزاد کشمیر ،ْ گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف علاقوںمیں بارش اور پہاڑی علاقو ں میں برف باری ،ْ سردی کی شدت برقرار

شدید برف باری کے باعث سڑکیں بند ہونے سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ تاحال بحال نہ ہوسکا پاک فوج کے جوان امدادی کاموں میں مصروف رہے ،ْ گوپس میں درجہ حرارت منفی دس ، کالام منفی نو ، قلات اور کوئٹہ منفی چھ تک گر گیا میدانی علاقوں میں دھند کی وجہ سے موٹر وے کئی مقامات پر بند رہی ،ْ محکمہ موسمیات کی مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی

منگل 17 جنوری 2017 14:45

اسلام آباد /مظفر آباد /گلگت /کوئٹہ /پشاور/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2017ء) آزاد کشمیر ،ْ گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف علاقوںمیں بارش اور پہاڑی علاقو ں میں برف باری کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا ،ْ شدید برف باری کے باعث سڑکیں بند ہونے سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ تاحال بحال نہ ہوسکا ،ْ پاک فوج کے جوان امدادی کاموں میں مصروف رہے ،ْ گوپس میں درجہ حرارت منفی دس ، کالام منفی نو ، قلات اور کوئٹہ منفی چھ تک گر گیا ،ْ میدانی علاقوں میں دھند کی وجہ سے موٹر وے کئی مقامات پر بند رہی ۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر ،ْ گلگت بلتستان سمیت ملک کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں رہے ،ْسب سے زیادہ سردی گوپس میں پڑی جہاں پارہ منفی دس تک گرگیا ،ْ کالام منفی نو ، قلات اور کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی چھ ریکارڈ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

پہاڑوں پر برفباری کے بعد ہرطرف دلفریب نظارے دکھائی دیئے جنہیں دیکھنے کیلئے سیاحوں کی بڑی تعداد امڈ آئی ،ْ راستے بند ہونے سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑا ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہیگا ،ْ مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، ژوب ڈویژن، فاٹا، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی ،ْ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ریکارڈ کی گئی بارش کی رپورٹ کے مطابق مالم جبہ میں 5 ملی میٹر، میرکھانی4، دیر3، کالام، دروش، بالاکوٹ2، چترا ل ایک، مظفرآباد4، کوٹلی3، گڑھی دوپٹہ ایک، منگلا2، مری ایک ملی میٹر بارش اور مالم جبہ میں 2انچ، کالام ایک انچ اور مری میں .5انچ برف باری ریکارڈ کی گئی۔