پاکستان ریلوے نے پرانے پلوں کی مرمت و بحالی کا کام تیز کردیا

منگل 17 جنوری 2017 13:43

پاکستان ریلوے نے پرانے پلوں کی مرمت و بحالی کا کام تیز کردیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) پاکستان ریلویز نے پرانے پلوں کی مرمت و بحالی کا کام تیز کردیاہے جبکہ نئے پل بھی تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ ریلوے حکام کے مطابق پرانے ٹریکس کی مرمت و بحالی کاکام بھی کیاجارہا ہے ، عوام کو معیاری اور بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے ترجیح بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں اور ریلوے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے تمام منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کردی گئی ہے ۔

ریلوے ٹریکس پر سلیپرز بچھائے جا رہے ہیں جبکہ نئے ٹریکس بھی تعمیر کئے جارہے ہیں ، ملک بھر میں موجود ریلوے ٹریکس کو دورویہ کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے اور رواں سال کے آخر تک ساہیوال سے لاہور تک ٹریک کو دو رویہ کردیا جائے گا جس کے بعد شاہدرہ سے لالہ موسیٰ اور فیصل آباد تک ٹریک کو دو رویہ کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

ریلوے کراسنگ لیولز کی حالت بھی بہتر بنائی جارہی ہے جبکہ سگنل نظام کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جارہاہے ۔

وزیر آباد ، سیالکوٹ ، نارووال، شاہدرہ سیکشن کے ٹریک کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر کام جلد شروع کیاجائے گا۔ہر لیول کراسنگ پر سائرن اور ریڈ لائٹ وارننگ سسٹم لگایاجائے گا جبکہ کراسنگ لیول کے خاتمے کے لئے کم قیمت انڈر پاسز کی تعمیر سمیت دیگر حل تلاش کئے جائیں گے تاکہ مستقبل میں حادثات سے بچا جاسکے ۔ اس کے علاوہ کراسنگ لیولز کے قریب عوام کی آگاہی کے بورڈ لگائے جائیں گے۔ دریں اثناء ریلوے اسٹیشنوں کی تزئین و آرائش کاکام بھی جاری ہے اور بعض مقامات پر نئی عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں ۔ ریلوے اسٹیشنوں پر سکیورٹی کے انتظامات کو بھی مزید بہتر بنایاجارہاہے۔

متعلقہ عنوان :