غربِ اردن میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان شہید

طوقو گائوں میں فلسطینی کی اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران شہادت ہوئی ،وزارت صحت

منگل 17 جنوری 2017 13:21

رام اللہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2017ء) دریائے اردن کے مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع شہر بیت لحم کے نزدیک اسرائیلی فوج نے جھڑپوں کے دوران ایک فلسطینی کو گولی مار کر شہید کردیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق رام اللہ میں فلسطینی وزارت صحت نے بیت لحم کے جنوب میں واقع ایک گاؤں طوقو میں اس فلسطینی کی اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران شہادت کی اطلاع دی ہے لیکن اس نے اس کا نام یا عمر نہیں بتائی ۔

اس گاؤں کے ذرائع نے مقتول کا نام کسائی آل عمور بتایا ہے۔اس کی عمر سترہ سال تھی اور اس کو چھاتی میں سیدھی گولی ماری گئی تھی۔ اسرائیلی فوج نے فوری طور پر اس واقعے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق اکتوبر 2015ء سے اب تک اسرائیلی فورسز کی مقبوضہ بیت المقدس ، غرب اردن اور غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے خلاف سفاکانہ کریک ڈاؤن کارروائیوں اور حملوں میں 249 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں سے 150 کے بارے میں اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ مبینہ طور پر حملہ آور تھے۔اس عرصے کے دوران میں فلسطینیوں کے مبینہ چاقو حملوں ،فائرنگ یا اپنی گاڑیوں کو راہ گیروں پر چڑھانے کے واقعات میں 40 اسرائیلی ، دو امریکی ،ایک اردنی،ایک سوڈانی اور ایک ایریٹرین شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :