حکومت کے وکلاء کی جانب سے استثنیٰ مانگنے کے بعد بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے ‘ جمشید چیمہ

ثابت ہوگیا ہے دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ پوری دال ہی کالی ہے‘ ملاقات کیلئے آنیوالے وفد سے گفتگو

منگل 17 جنوری 2017 13:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت کے وکلاء کی جانب سے پانامہ کیس میں استثنیٰ مانگنے کے بعد بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے ، ثابت ہوگیا ہے کہ دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ پوری دال ہی کالی ہے ،’’بھائیوں ‘‘نے ایکدوسرے کو کریڈٹ دینے کیلئے پہلے کھادوں پر سبسڈی روکنے اور پھر بحال کرنے کا اعلان کیا جبکہ اس کے ساتھ ہی ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر کے کسانوں پر بم بھی گر ادیا گیا ۔

مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس نے شریف خاندان کے اقتدار کے ادوار کا پوسٹمارٹم کر دیا ہے ۔ اپنے بچائو کیلئے جوبھی تدبیریں کی جارہی ہیںوہ ان کے اپنے گلے پڑ رہی ہیں اوراب تو استثنیٰ مانگنے کے بعد بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف پانامہ کیس کے آگے بڑھنے پر شدید ذہنی دبائو کا شکار ہیں اس لئے وہ بیرون ملک دورے پر رونہ ہوئے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد کے نتیجے میں پانامہ لیکس کا معاملہ منطقی انجام کی طرف بڑھ رہا ہے ، اگر عمران خان بھی خاموش ہو جاتا تو یہ معاملہ کب کا سرد خانے کی نذر ہو چکا ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے ساتھ ہیں اور پی ٹی آئی کسان کی حالت زار اور زراعت کی ترقی کیلئے جامع پالیسی رکھتی ہے انشا اللہ جب بھی اقتدار میں آئے اس پر بلا تاخیر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :