جنگلات پالیسی کی مشترکہ مفادات کونسل نے منظوری دیدی، قومی سٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی، مقصد جنگلات کے خاتمے اور جنگلات کا معیار گرنے کو روکنے کے لئے گیسوں کے اخراج میں کمی لانا ہے

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی زاہد حامدکا سینیٹ میں جواب

منگل 17 جنوری 2017 12:49

جنگلات پالیسی کی مشترکہ مفادات کونسل نے منظوری دیدی، قومی سٹیئرنگ ..
اسلام آباد ۔17جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا ہے کہ تمام صوبوں کی مشاورت سے قومی جنگلات پالیسی تیار کی گئی ہے‘ ماحول کے تحفظ کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر اعظم سواتی‘ مظفر حسین شاہ اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبوں سے کہا تھا کہ اگر وہ گرین پاکستان پروگرام کے لئے رقم مختص کریں گے تو اتنی ہی رقم وفاقی حکومت بھی دے گی۔

اس پروگرام کے لئے پی ایس ڈی پی میں دو ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات پالیسی کی مشترکہ مفادات کونسل نے اصولی طور پر منظوری دیدی ہے۔ وفاقی حکومت نے ایک قومی سٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس کا مقصد جنگلات کے خاتمے اور جنگلات کا معیار گرنے کو روکنے کے لئے گیسوں کے اخراج میں کمی لانا ہے۔

(جاری ہے)

اس کمیٹی میں صوبوں کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد اب جنگلات کے تحفظ اور فروغ کا معاملہ صوبوں کے دائرہ اختیار میں چلا گیا ہے۔ ماحولیاتی آلودگی میں کردار کے حوالے سے پاکستان کا نمبر 135واں ہے لیکن پھر بھی پاکستان آب و ہوا میں تبدیلی سے بظاہر متاثر ہونے والے ممالک میں ساتویں نمبر پر ہے۔

متعلقہ عنوان :