شمالی افغانستان میں طالبان نے سینئیر حکومتی عہدیدار کو ہلاک کردیا،جوزجان میں ایک کارروائی میں ازبکستان اسلامک موومنٹ کے ایک کارکن کی ہلاکت کا دعویٰ ،ننگرہارمیں داعش نے مزید 20گھروں کو نذرآتش کردیا

منگل 17 جنوری 2017 12:23

کابل ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) شمالی افغانستان میں طالبان نے سینئیر حکومتی عہدیدار کو ہلاک کردیا،جوزجان میں ایک کارروائی میں ازبکستان اسلامک موومنٹ کے ایک کارکن کی ہلاکت کا دعویٰ کیاگیاہے،ننگرہارمیں داعش نے مزید 20گھروں کو نذرآتش کردیا۔افغان میڈیا کے مطابق شمالی صوبہ بغلان میں طالبان نے ایک سرکاری اہلکار کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق حملہ آوروں نے صوبائی سیکرٹریٹ میں کام کرنے والے اعلیٰ عہدیدار عبدالصفاء سنیائی کو نشانہ بنایا،ابھی تک کسی تنظیم یا گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔شمالی صوبہ جوزجان میں ایک کارروائی میں ازبکستان اسلامک موومنٹ کے ایک کارکن کی ہلاکت کا دعویٰ کیاگیاہے۔حکام نے بتایا کہ ازبکستان اسلامک موومنٹ کا کارکن قوش ٹپہ ضلع میںچیک پوسٹ پر حملے کے دوران سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔دریں اثناء ننگرہار میں داعش کے کارکنوں نے مزید 20گھروں کو نذرآتش کردیا ہے۔ایک روز قبل ضلع کوٹ میں داعش نے گھروں کو جلانے کا سلسلہ شروع کیا تھا اور60کے قریب گھروں کو تباہ کردیا تھا۔