مختلف حادثات میں بچے سمیت 3افراد جان کی بازی ہارگئے

پیر 16 جنوری 2017 22:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء)صوبائی دارالحکومت میں مختلف حادثات میں بچے سمیت 3افراد جان کی بازی ہارگئے،پولیس نے لاشیں مردہ خانے جمع کرواتے ہوئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد کے علاقہ میں سکول سے گھر واپس جاتے ہوئے مین پیکو روڈ پر 8سالہ بچے ارسلان کو گاڑی نمبر LWH:72نے ٹکر ماردی جس سے بچہ موقع پر ہی چل بسا جبکہ گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے بچے کی لاش قبضہ میں لیتے ہوئے مردہ خانے جمع کروادی۔پولیس کے مطابق گاڑی قبضہ میں لیکر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ساندہ کے علاقہ میں بندروڈ پر تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے موٹرسائیکل سوار 37سالہ منظور نامی شخض کو ٹکر ماردی جو موقع پر ہی چل بسا جبکہ گاڑی کا ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔پولیس نے متوفی کی لاش مردہ خانے جمع کرواتے ہوئے کارروائی شروع کردی ہے۔تیسرے واقعہ میں ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقہ میں چھت گرنے سے مظہر نامی شخص ہلاک ہوگیا۔پولیس نے حادثاتی واقعہ قرار دیتے ہوئے نعش ورثاء کے حوالے کردی ہے۔