حکومت ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے فوری طور پر امریکی حکومت کو خط ارسال کرے،سراج الحق

14سال میں کسی بھی حکومت نے رہائی کے مسئلے کو سنجیدہ نہیں لیا ،ڈاکٹر عافیہ کی والدہ اور بہن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو وزیر اعظم اور وزیر داخلہ اپنے وعدے کی پاسداری کریںاور رہائی کو جلد ازجلد یقینی بنائیں ، والدہ ڈاکٹر عافیہ

پیر 16 جنوری 2017 22:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے سنجیدہ کوششیں اور ٹھوس اقدامات کرے، 19جنوری کو اوباما انتظامیہ کے جانے سے قبل امریکی حکومت کو ان کی رہائی کے لیے خط ارسال کرے، پوری قوم ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی منتظر ہے ۔ا ن خیالات کا اظہا رانہوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ اور بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ملاقات میں جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔سراج الحق نے مزید کہا کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو مارچ 2003کو امریکہ کے حوالے کردیا گیا تھا اور مارچ 2017کو ڈاکٹر عافیہ کی امریکہ جیل میں 14سال کا عرصہ مکمل ہوجائے گا لیکن افسوس کا مقام ہے کہ ان 14سال کے عرصے میں کسی بھی حکومت نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے ہر فورم پر اپیل کی ہے کہ ریاست اور حکومت مدعی بن کر ذمہ داری کے ساتھ امریکہ سے بات کرے اور مطالبہ کرے کہ صدر اوباما اپنے آخری اقدامات میں ایک یہ اقدام کریں کہ ڈاکٹر عافیہ کو رہا کردیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کیس میں اب تک تمام بڑی انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں اور وکلاء سب یہ کہتے ہیں کہ ڈاکٹر عافیہ کا کوئی جرم نہیں ہے ۔

انہوں نے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی ایک قومی مسئلہ ،ہمارے ایمان اور قومی غیرت کا معاملہ ہے ، 20کروڑ عوام کی بہن اور بیٹی کا ہم سب پر فرض ہے کہ اس کی رہائی کے لیے اقدامات کریں ۔پرویز مشرف نے امریکہ کو خوش کرنے کے لیے ڈاکٹر عافیہ کو امریکہ کے حوالے کیا۔ سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اوباما کی حکومت کے چند دن باقی رہ گئے ہیں پاکستانی حکومت فوری رابطہ کرے تو ڈاکٹر عافیہ کی رہائی ممکن ہوسکتی ہے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عافیہ کی والدہ نے کہا کہ نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار اپنے کیے گئے وعدے کی پاسداری کریں اور قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی جلد از جلد یقینی بنائیں ۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے سینیٹر سراج الحق کی آمد کا خیر مقدم اور اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے اور امید ہے کہ جماعت اسلامی اور ہم قوم کی بیٹی کی رہائی تک جدوجہد جاری رکھیں گے ۔