پاک فوج ،حکومتی اداروں کی کاوشوں سے شاہراہیں کھول دی گئی ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری

پیر 16 جنوری 2017 22:35

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے حالیہ برفباری کی وجہ سے بند ہونے والی مختلف شاہراہوں کو کھولنے اور ٹریفک کی بحالی کیلئے جاری سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ ، پی ڈی ایم اے، لیویز فورس، محکمہ مواصلات اور این ایچ اے کی کارکردگی کو سراہا ہے جن کی مربوط اور مشترکہ کاوشوں سے بند شاہراہوں کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بحال کرنا ممکن ہوسکا، انہوں نے پاک فوج کی معاونت کی بھی تعریف کی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ حکومتی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں سے برفباری سے پیدا ہونیو الی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور مختلف مقامات پر پھنسی ہوئی ٹریفک کو نکال کر مسافروں کو ان کی منازل تک پہنچانے میں ان کا بہت بڑا کردار ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ جو صوبائی وزیر پی ڈی ایم اے و داخلہ میر سرفراز بگٹی ، چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ اور ڈویژنل کمشنروں سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے صورتحال سے متعلق آگاہی حاصل کرتے رہے نے ہدایت کی ہے کہ کان مہترزئی، کوژک ٹاپ، لک پاس، بولان پاس اور سوراب تا کھڈ کوچہ شاہراہ کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے متعلقہ حکام اور عملہ وہاں موجود رہیںاور ٹریفک کو بحال رکھنے کیلئے تمام متعلقہ ادارے مستعد اور فعال رہیں ۔

متعلقہ عنوان :