وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل جوزف ووٹل کی ملاقات

علاقائی سلامتی سے متعلق امور, باہمی دلچسپی کے دوطرفہ معاملات پر بات چیت،وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ملاقات میں موجود تھے

پیر 16 جنوری 2017 22:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل جوزف ووٹل نے ملاقات کی ۔ پیر کو اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں علاقائی سلامتی سے متعلق امور کے علاوہ باہمی دلچسپی کے دوطرفہ معاملات پر بات چیت کی گئی۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور فوجی تعاون میں مزید اضافہ چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف امریکہ کا تعاون بڑا اہم ہے اور توقع ہے کہ آئندہ بھی یہ تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا جو علاقائی استحکام کیلئے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی صورتحال میں بہتری اور معاشی حالات کے بہتر ہونے سے افغان پناہ گزینوں کی جلد اپنے وطن واپسی بھی یقینی ہو گی۔ انہوں نے مؤثر بارڈر مینجمنٹ کیلئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا اور افغانستان کی جانب سے ایسی کوششوں میں اضافہ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کی سرزمین کو کسی ملک کے خلاف استعمال نہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :