لندن میں فلیٹس سے متعلق بی بی سی کی رپورٹ اور حسین نواز کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے بیان میں کوئی تضاد نہیں ،ْ طلال چوہدری

تک نواز شریف سے ڈرنے والے اب 2017 اور 2018 میں مریم نواز شریف سے بھی خوفزدہ ہیں ،ْ میڈیا سے گفتگو

پیر 16 جنوری 2017 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ لندن میں فلیٹس سے متعلق برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ اور حسین نواز کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے بیان میں کوئی تضاد نہیں ،ْ 2016 تک نواز شریف سے ڈرنے والے اب 2017 اور 2018 میں مریم نواز شریف سے بھی خوفزدہ ہیں۔

پیر کو یہاں عدالت عظمیٰ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ کہ جوں جوں سردی کی شدت بڑھ رہی ہے،عمران خان کے ارمان سرد پڑتے جا رہے ہیں،جیسے جیسے دن گزر رہے ہیں خان صاحب کیس ہارنے کی طرف جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ بی بی سی کی رپورٹ کا حوالہ دینے سے قبل خان صاحب حسین نواز کی طرف سے عدالت عظمیٰ میں پیش کردہ موقف کا اچھی طرح سے جائزہ لیتے، جن لوگوں نے ثبوتوں کی اے بی سی جمع نہیںکروائی ، وہ بی بی سی کا حوالہ دے کر خود کو سچا ثابت کرنے کی کوشیشیں کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ’’خان صاحب بی بی سی نے جو موقف اپنایا وہ وہی موقف ہے جو حسین نواز نے عدالت میں پیش کیا ہے کاش آپ نے حسین نواز کا عدالتی جواب پڑھا ہوتا تو بی بی سی کی رپورٹ پر آپ اس طرح نہ اچھلتے‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ہر ہفتہ کسی نہ کسی جلسے میں کوئی فیصلہ سنا دیتے ہیں اور جب عدالت آتے ہیں تو آنکھیں بھی نہیں اٹھا سکتے کیونکہ عدالت کے اندرانہوں نے ثبوت نہیں جھوٹ جمع کروائے ہیں، عدالت کے باہر جا کرتاثر دیا جاتاہے کہ وہ کیس جیت گئے حالانکہ خان صاحب خود بھی جانتے ہیں کہ کہ قانون کی عدالت میں قانونی ثبوت ہی کام آسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے وکیل نے قانون کی کتابیں پڑھی ہیں جبکہ خان صاحب کے وکیل نے ردی کی کتابیں جمع کروائی ہیں اور ردی کی کتابوں پر صرف پکوڑے بیچے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ قانون کی کتاب سے پڑھی گئی چیز صرف ہمارے وکلاء پڑھ رہے ہیں اور انشاء اللہ فیصلہ قانون کے مطابق محمد نواز شریف کے حق میں آئے گا،انہوں نے کہا کہ نیا سال جس دن سے شروع ہوا ہے،عمران خان روزانہ نیا جھوٹ بولتے ہیں ، خان صاحب اور کتنا جھوٹ بولیں گے،اس سال جھوٹ کو زوال آئے گا،2016 تک نواز شریف سے ڈرنے والے 2017 اور 2018 میں اب مریم نواز شریف سے بھی خوفزدہ ہیں کیونکہ پہلے ایک نواز سے مقابلہ نہیں سکتا اب دو نواز ہونگے ۔

انہوں نے کہا ہم عدالت کے اندر بھی مقابلہ کریں گے،سچ عدالت سے بھی جیتے گا اور عوامی خدمت پر عوام کی عدالت میں بھی سرخرو ہونگے کیونکہ عوام کام اورخدمت کو ووٹ دیتی ہے الزام کو نہیں ، دھرنے میں دھاندلی کے کیس میں الزام کو سکست ہوئی ہے ،الزام آئینی عدالت سے ہارا،عوامی عدالت سے بھی ہارا،خدمت اورترقیاتی کام پہلے بھی جیتا ہے اور سال 2018 میں بھی وزیر اعظم میاں نواز شریف ہی جیتیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محمد نواز شریف کا نام پانامہ پیپرز میں نہیں اور نہ ہی پراپرٹی سے ان کا کوئی تعلق ہیں جو الزام لگایا گیاہے وہ یہ ہے کہ ان کی دو تقاریر میں تضاد پایا جاتا ہے،وکیل اس پر بات کر رہے ہیں، آئندہ سماعت میں حسین نواز پر لگائے گئے الزامات کا جواب دائر کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک ایک چیز کا جواب اور تمام ثبو ت قانون کی عدالت کے ساتھ ساتھ عوام کی عدالت میں بھی دیں گے۔