Live Updates

وزیر اعظم کی جانب سے پانا ما کیس میں استثنیٰ مانگنے کا تاثر درست نہیں ،ْمصد ق ملک

عمران خان نے پارٹی کے فنڈز کے معاملہ پر الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی ہے، یوٹرن سے اب معافی خان بن چکے ہیں ،ْ سیتا وائٹ کیس اور وزیراعظم محمد نواز شریف کے حوالہ سے عمران خان کے مؤقف میں واضح تضاد ہے ،ْدانیال عزیز کی میڈیا سے گفتگو

پیر 16 جنوری 2017 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے پانا ما کیس میں استثنیٰ مانگنے کا تاثر درست نہیں ،ْ عمران خان نے پارٹی کے فنڈز کے معاملہ پر الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی ہے، یوٹرن سے اب معافی خان بن چکے ہیں ،ْ سیتا وائٹ کیس اور وزیراعظم محمد نواز شریف کے حوالہ سے عمران خان کے مؤقف میں واضح تضاد ہے۔

وہ پیر کو یہاں (پی آئی ڈی)پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ آج دوپہر سے ٹی وی چینلز پر یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے عدالت سے استثنیٰ مانگا ہے جس میں کوئی صداقت نہیں ہے، وزیراعظم کا پانامہ لیکس میں نام بھی موجود نہیں پھر بھی انہوں نے اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کیا ہے، عمران خان کا سیتا وائٹ کی بیٹی کی ولدیت پر ڈاکٹر شیرافگن خان نیازی کے کیس پر مؤقف یہ تھا کہ یہ معاملہ ان کی بطور رکن قومی اسمبلی انتخاب سے قبل کا ہے، اسلئے اس کی بنیاد پر انہیں نااہل قرار نہیں دیا جا سکتا جبکہ نواز شریف کے معاملہ پر ان کے مؤقف میں واضح تضاد ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس بات کا مطلب یہ نہیں کہ ہم عدالت نہیں جانا چاہتے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان اداروں کو برا بھلا کہنے، افسروں پر لعن طعن کرکے انہیں دبائو میں لا کر اپنی سیاست چمکاتے ہیں۔ اس سے قبل ایف بی آر، الیکشن کمیشن سمیت دیگر اداروں کو دبائو ڈال چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پوری دنیا سے پارٹی فنڈ جمع کیا اور اس کیلئے عمران خان کے دستخطوں سے کمپنیاں قائم ہوئی۔

انہوں نے یہ فنڈز پہلے آصف زرداری اور اب مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف استعمال کئے، اس کے تمام ثبوت امریکی محکمہ انصاف کی ویب سائٹ پر موجود ہیں، ’’ملک بچائو عمران خان کو وزیراعظم بنائو‘‘ کے نعرے وہاں پر درج ہیں، یہ ان کا پرانا طریقہ واردات ہے، الیکشن کمیشن نے پانچ مرتبہ اس پر ان سے ثبوت طلب کئے تاہم وہ وہاں سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں، غیر ملکی فنڈنگ پر ان کی پارٹی ختم اور منتخب نمائندے نااہل ہو سکتے ہیں، عمران خان نے اب اس معاملہ پر بھی معافی مانگ لی ہے، ان کے اپنے پارٹی انتخابات میں ان کے مقرر کردہ الیکشن کمشنرز کو نکالا گیا، نعمان وزیر کی رپورٹ کی کاپیاں بھی اٹھا کر لے گئے، احتساب بیورو کو ختم کر دیا گیا، جہانگیر ترین کی مائننگ اور جعلی ادویات پکڑنے پر ظاہر شاہ طورو کو فارغ کر دیا گیا، احتساب کا قانون تبدیل کر دیا گیا، اس حوالہ سے حقائق سے قوم کو آگاہ کیا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں مصدق ملک نے کہا کہ ہم نے وہی چیزیں سامنے لائی ہیں جو عدالت میں ہیں۔ بی بی سی کی رپورٹ کے حوالہ سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے عدالت میں بھی یہی مؤقف اختیار کیا ہے کہ 2006ء سے پہلے یہ کمپنیاں قطری خاندان کی ملکیت تھیں جبکہ 2006ء کے بعد حسین نواز کو منتقل ہوئیں، اب اس کو بی بی سی نے نئے انداز میں پیش کیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات