عدالت کے باہر مقدمہ لڑنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا ،ْوزیر مملکت مریم اورنگزیب

عمران خان تین سال سے ویڈیو گیمز ہی کھیل رہے ہیں ،ْ آئندہ بھی ویڈیوگیمز ہی کھیلتے رہیں گے عمران خان 2018 ء سے نہیں ،ْابھی سے مریم نواز سے ڈر رہے ہیں، پی ٹی آئی چیف اداروں کی عزت واحترام کا خیال رکھیں ،ْ گفتگو

پیر 16 جنوری 2017 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات ،ْنشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عدالت کے باہر مقدمہ لڑنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، عمران خان نے عدالت سے باہر آ کر کہاہے کہ ہم ویڈیو گیمز کھیل رہے تھے، عمران خان گزشتہ تین سال سے ویڈیو گیمز ہی کھیل رہے ہیں اور آئندہ بھی ویڈیوگیمز ہی کھیلتے رہیں گے، عمران خان 2018 ء سے نہیں بلکہ ابھی سے مریم نواز سے ڈر رہے ہیں، عمران خان اداروں کی عزت واحترام کا خیال رکھیں۔

پیر کو یہاں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پارلیمان میں یا عوام سے خطاب کے دوران کبھی کوئی متضاد بات نہیں کی اور نہ ہی جھوٹ بولا کیونکہ وہ جھوٹ بولنے کے عادی نہیں ہیں، یہ عادت کسی اور کی ہے اور بار بار یہ سچ سامنے آجاتا ہے کہ یہ قابلیت کس میں ہے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان گزشتہ کئی روز سے عدالت کے باہر آ کر اپنا مقدمہ لڑ رہے ہیں، وہ آج یہ کہہ رہے ہیں کہ عدالت میں پانامہ پیپرز کے بارے بات نہیں ہو رہی، نواز شریف کے بارے میں بات نہیں ہو رہی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے وکیل سپریم کورٹ میں دلائل دے رہے ہیں اور کیونکہ میاں محمد نواز شریف کا پانامہ کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے،اس لئے پانامہ کا ذکر نہیں ہو رہا، دوسری طرف کورٹ میں ہمارے وکیل نے ایسا فیصلہ پڑھ کر سنایا جس کا تعلق پی ٹی آئی کے رہنما عمران خان سے تھا، ان کو شرمندگی سے بچانے کیلئے پورا کیس نہیں پڑھا گیا لیکن اس کی جو سب سے اہم بات ہے وہ یہ ہے کہ اس فیصلے کے جواب میں عمران خان کہتے ہیں کہ انہوں نے الیکشن سے قبل جو بھی کہا اور کیا اس کا وہ جواب نہیں دے سکتے اور اس کا جواب نہیں مانگا جاسکتا۔

وزیرمملکت نے کہاکہ اس کے برعکس عمران خان تین بار منتخب ہونیوالے وزیراعظم کے والد کا 1937 ء سے حساب مانگ رہے ہیں اور ہم یہ حساب دے رہے ہیں، آج پی ٹی آئی کے رہنمائوں نے تسلیم کیا کہ وہ کورٹ کے اندر وڈیو گیم کھیل رہے تھے، مریم اورنگزیب نے کہا کہ درحقیقت پی ٹی آئی والے گزشتہ تین سال سے وڈیو گیمز ہی کھیل رہے ہیں اور اس کیس کے فیصلے کے بعد 2018 تک وہ وڈیو گیمز ہی کھیلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وکیل خود اپنے دلائل سے پیچھے ہٹ رہے ہیں،کورٹ میں ان کے وکیل خود یہ بات تسلیم کر چکے ہیں کہ مریم نواز شریف وزیراعظم کی بینیفشری نہیں ہیں۔انہوں نے کہا ہمارے وکیل نے عدالت میں جو دلائل دیے ہیں ان کے مطابق وزیر اعظم نے، چاہے وہ پارلیمان میں خطاب ہو یا عوام سے خطاب، اس میں کبھی کوئی جھوٹ نہیں بولا اورغلط بیانی نہیں کی کیونکہ وہ جھوٹ بولنے کے عادی نہیں ہیں، یہ جھوٹ بولنے کی عادت کسی اور کی ہے اور بار بار یہ سچ سامنے آجاتا ہے کہ یہ قابلیت کس میں ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر عمران خان یہ چاہتے ہیں کہ وہ بغیر کسی ثبوت کے وزیر اعظم نواز شریف کو ان کے عہدے سے برطرف کروا دیں تو ایسا نہیں ہو سکتا، خواہشات کی بنا پر عدالت میں کیس نہیں لڑے جاتے،عدالت میں یہ بات بھی ہوئی ہے کہ اخباری تراشوں کو کبھی ثبوت مانا گیا ہے اور نہ ہی مانا جائے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ عدالت میں آج واقعی ان کے لوگ سو رہے تھے کیونکہ انہیں قانونی طریقے سے مقدمہ لڑنے کی عادت نہیں۔ بعد ازاں ایک بیان میں وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان اداروں کی عزت واحترام کا خیال رکھیں، آج ان کا بیان کہ ’’ آدھا سپریم کورٹ سو رہا تھا ‘‘ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، حقیقت یہ ہے کہ عمران خان خود غفلت کی نیند سو رہے ہیں اور قوم کو گمراہ کررہے ہیں۔