سیالکوٹ میں ہائوسنگ سوسائیٹز کے خلاف کریک ڈائون کا آغاز

پیر 16 جنوری 2017 22:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) پنجاب ریونیو اتھارٹی گوجرانوالہ کی جانب سے چیئرمین پی آر اے راحیل احمد صدیقی کی ہدایت پر سیالکوٹ میں ہائوسنگ سوسائیٹز کے خلاف کریک ڈائون کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایسی تمام سوسائٹیز جو کمپلسری رجسٹریشن کے بعد بھی اپنا واجب الاداء ٹیکس ادا نہیں کر رہیں اور خدمات پر ٹیکس کی وصولیوں کے ایکٹ کی خلاف ورزی کر رہی ہیں اُن کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی ۔

اس ضمن میں آج پی آر اے کی ٹیم نے شہر کے مختلف حصوں میں 12ہائوسنگ سوسائٹیز پر چھاپے مارے اورگرین ولاز ، سلک سٹی، پام سٹی، ہیپی ویلی،ماڈل ہائوسنگ سوسائٹی اور نشتر گارڈن ہائوسنگ سوسائٹیز کے دفاتر سیل کر دئیے۔ نشیمن کی جانب سے جزوی ادائیگی پر اُنھیں مزید مہلت دے دی گئی۔

(جاری ہے)

راحیل احمد صدیقی کے مطابق ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف کاروائیاں پی آر اے کی جانب سے بار بار نوٹس کے باوجود خلاف ورزی کے بعد شروع کی گئیں۔

اُنھوں نے مزید بتایا کہ مذکورہ سوسائٹیز کے مالکان پنجاب سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2012ء کے مطابق اپنے کاروبار کو رجسٹرڈ نہیں کروا رہے تھے جس پر اُنھیں کئی بار نوٹسز کے بعد CR(Compulsory Regestered) کر کے رجسٹریشن نمبر جاری کر دئیے گئے مگر اس کے بعد بھی ان کی طرف سے نہ تو ٹیکس اداء کیا گیا اور نہ دیگر شرائط پوری کی گئیں جس پر ان کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا۔