بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں کی نسل کشی شروع کر رکھی ،ہمیں آزادی کشمیر کیلئے جاری جدوجہد مزید منظم کریں گے‘ حافظ محمد سعید

جماعتی تشخص سے بالا تر ہوکر تحریک آزدی جموں کشمیر کے پلیٹ فارم سے مہم چلائی جائیگی ، کشمیری پاکستانی پرچم اٹھا تے ہیں ہم بھی ہر پروگرام میں جماعت الدعوة کی بجائے پاکستان کا پرچم اٹھائیں گے،کراچی سے پشاور تک جلسوں اور کانفرنسوںکا انعقاد کیا جائیگا‘ امیر جماعة الدعوة

پیر 16 جنوری 2017 22:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے اسرائیلی طرز پر نہتے کشمیریوں کی نسل کشی شروع کر رکھی ہے، گلی محلوں کا کریک ڈائون کر کے نہتے کشمیریوں کو شہید کرنا معمول بن چکا ہے، بھارتی فورسز کی ناکہ بندی سے کشمیری عوام سخت مشکلات سے دوچار ہیں، سیاسی، مذہبی و کشمیری جماعتوں کو ساتھ ملا کر آزادی کشمیر کیلئے جاری جدوجہد مزید منظم کریں گے،جماعتی تشخص سے بالا تر ہوکر تحریک آزدی جموں کشمیر کے پلیٹ فارم سے مہم چلائی جائے گی ، کشمیری پاکستانی پرچم اٹھا تے ہیں ہم بھی ہر پروگرام میں جماعت الدعوة کی بجائے پاکستان کا پرچم اٹھائیں گے،کراچی سے پشاور تک جلسوں اور کانفرنسوںکا انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کارکنان و ذمہ داران کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ہم نے 2017 کا سال کشمیر کے نام کرنے کافیصلہ کیا ہے۔امسال تمام پروگرام اور سرگرمیاں کشمیر کے حوالہ سے ہو ں گی۔ یکم فروری سے سات فروری تک ہفتہ یکجہتی کشمیر منائیں گے۔اسی طرح دیگر ایام میں بھی کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کیخلاف بھرپور آواز بلند کی جائے گی۔

سب جماعتوں کو ساتھ ملاکر قومی سطح پر اس تحریک کو منظم کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیریوں کی جدوجہد آزادی بہت مضبوط ہوئی ہے۔پوری کشمیر ی قوم سڑکوں پر ہے اور اپنی عزتوں و حقوق کے تحفظ کیلئے قربانیاں پیش کر رہی ہے۔بانی پاکستان محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا‘ ہمیں کشمیریوں کی مدد سے کسی طور پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔

حافظ محمد سعید نے کہاکہ انڈیا دہشت گردی کے ذریعہ مقبوضہ کشمیر پرزیادہ دیر تک اپنا غاصبانہ تسلط برقرار نہیں رکھ سکتا۔ پاکستان اور آزاد کشمیر کی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ کھل کر کشمیری مسلمانوں کی جدو جہد آزادی کا ساتھ دیں اور انہیں 8 لاکھ بھارتی فوج کے تسلط سے نجات دلانے کی کوشش کریں۔اگر حکمران دین اسلام کی روشنی میں اپنی پالیسیاں ترتیب دیں تووہ وقت دور نہیں کہ جب کشمیری مسلمان ان شاء اللہ آزاد فضا میں سانس لیں گے۔

انہوںنے کہاکہ ہم آزاد کشمیر اور پاکستان میں کشمیر کے حوالے سے کانفرنسیں اور بڑے جلسے کرکے حکومت کو کشمیر کے حوالہ سے آواز اٹھانے پر مجبور کریں گے۔ ہم مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں گے اور کشمیریوںکے کندھوں سے کندھا ملا کر چلیں گے۔امیر جماعةالدعوة نے کہاکہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ تحریک آزادی کشمیر جلد ان شاء اللہ اپنے منطقی انجام تک پہنچے گی۔

کشمیری عوام پاکستان کو اپنا سب سے بڑا وکیل سمجھتے ہیں۔ اگر کشمیری پاکستان کا پرچم لہراتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھا رہے ہیں تو حکمرانوں کو بھی کسی صورت خاموش نہیں رہنا چاہیے۔ آج مقبوضہ کشمیر میں ہر گھرانہ کسی نہ کسی حوالہ سے بھارتی ظلم وبربریت کے تشدد کا شکار ہے۔ بھارت طاقت و قوت کے بل بوتے پر مظلوم کشمیریوں کو زیادہ دیر تک غلام بنا کر نہیں رکھ سکتا۔