بھارت کی این ایس جی میں شمولیت الوداعی تحفہ نہیں ہوسکتا، چین کا امریکا کو پیغام

این ایس جی میں شمولیت اورعدم ایٹمی پھیلاؤ معاہدے پر دستخط سے متعلق اپنا موقف پہلے ہی واضح کرچکے،چینی وزارت خارجہ

پیر 16 جنوری 2017 21:46

بھارت کی این ایس جی میں شمولیت الوداعی تحفہ نہیں ہوسکتا، چین کا امریکا ..

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2017ء) چین نے بھارت کی نیوکلیئر سپلائر گروپ میں شمولیت کے حوالیسے امریکا کو پیغام دیا ہے کہ کہ این ایس جی کی ممبرشپ کوئی الوداعی تحفہ نہیں جو ممالک ایک دوسرے کو دیتے رہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے بھارت کو نیوکلیئر سپلائر گروپ کی ممبرشپ میں چین کی جانب سے مخالفت کرنے پر چین کو الگ تھلک ملک قرار دیا تھا جس پر چین نے رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے امریکا کو پیغام دیا کہ نیوکلیئر سپلائر گروپ کی ممبرشپ کوئی الوداعی تحفہ نہیں جو ممالک ایک دوسرے کو دیتے رہیں۔

چین کے وزارت خارجہ کے ترجمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیو کلیئر سپلائر گروپ میں شمولیت اور عدم ایٹمی پھیلاؤ ( این پی ٹی) معاہدے پر دستخط کے حوالے سے ہم اپنا موقف پہلے ہی واضح کرچکے ہیں لہذا اب اسے دوبارہ نہیں دہرائیں گے جب کہ گروپ میں شمولیت کوئی الوداعی تحفہ نہیں جو امریکا بھارت کو دے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بھارت کی نیوکلیئرسپلائر گروپ میں شمولیت پر امریکا کے نائب وزیرخارجہ نے گزشتہ روز ایک بیان میں چین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ اس معاملے میں صرف ایک ملک انوکھا ہے جس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے نیوکلیئرسپلائر گروپ میں بیشتر ممالک بھارت کی گروپ میں شمولیت کے حامی ہیں جب کہ چین نے پاکستان کی وجہ سے بھارت کی گروپ میں شمولیت کی مخالفت کرتے ہوئے یہ موقف اپنایا ہے کہ اگر پاکستان ایٹمی عدم پھیلاؤ معاہدے پر دستخط نہ کرنے کی وجہ سے اس گروپ کا ممبر نہیں بن سکتا تو بھارت نے بھی این پی ٹی پر دستخط نہیں کیے لہذا وہ بھی گروپ کا رکن بننے کا اہل نہیں۔۔

متعلقہ عنوان :